Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

بینک قرضوں کی فراہمی میں کردار ادا کریں، حکومت حوصلہ افزائی کرے گی، وزیراعظم

‘وزیراعظم اپنا گھر اسکیم کے تحت 53,127 درخواستیں منظور ہو چکی ہیں’

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ جو بینک قرضوں کی فراہمی میں بھرپور کردار ادا کریں گے، حکومت ان کی حوصلہ افزائی کرے گی۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت Access to Finance Plan 2026-28 کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم اپنا گھر اسکیم، زراعت اور ایس ایم ایز کے شعبوں کی ترقی کیلئے فنانسنگ پر پیشرفت کے حوالے سے جاری اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں وزیراعظم نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بینک اور مالیاتی ادارے کسانوں، ایس ایم ایز اور ہاؤسنگ سیکٹر کو قرضوں کی فراہمی میں اپنا کردار ادا کریں، جو بینک قرضوں کی فراہمی میں بھرپور کردار ادا کریں گے، حکومت ان کی حوصلہ افزائی کرے گی۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ زرعی شعبہ ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے جس کے فروغ کے لیے کام کرنا قومی ذمہ داری ہے۔

وزیراعظم نے کسانوں کو بلا رکاوٹ اور آسان شرائط پر مالی وسائل تک رسائی یقینی بنانے کی ہدایت دی اور کہا کہ کم آمدن اور متوسط طبقات کے لیے سستی ہاؤسنگ کی فراہمی ہماری ترجیح ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی چیف سیکریٹریز ایسے املاک کا جامع سروے کرائیں جس کیلئے بینک اپنے گھر کے خواہشمند افراد کو “وزیراعظم اپنا گھر اسکیم” کے تحت قرضہ مہیا کر سکیں۔

اجلاس کو ہاؤسنگ، زراعت اور ایس ایم ایز کے شعبوں کی فنانسنگ کے حوالے سے اقدامات پر بریفنگ دی گئی جس میں بتایا گیا کہ وزیراعظم اپنا گھر اسکیم کے حوالے سے اب تک 147,504 درخواستیں موصول ہوئیں جن میں سے 53,127 درخواستیں منظور ہو چکی ہیں، اس اسکیم کے تحت منظور شدہ درخواستوں کی کل مالیت 313.42 بلین روپے ہے جبکہ 8,739 درخواست گزاروں کو 45.43 بلین قرضے فراہم کیے جا چکے ہیں۔

بریفنگ کے مطابق ملک بھر میں مورگیج کی شرائط پوری کرنے والے پلاٹس کی نشاندہی کے لیے نظام تیار کیا جا رہا ہے جس کا پائلٹ اسلام آباد سے ہوگا، اپنا گھر اسکیم کو مزید مربوط بنانے کے لیے معروف ہاؤس ڈویلپرز کو اس عمل میں شامل کرنے کے لیے ایک مؤثر طریقہ کار وضع کیا جائے گا۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ زرعی شعبے کے لیے بینکوں کی جانب سے قرضے کا حجم اگست 2026 میں 1.268 ٹریلین روپے رہا جبکہ ایکسیس ٹو فنانس پلان 2026-2028 کے تحت جون 2028 تک 2 ٹریلین روپے کا حدف مقرر کیا گیا ہے، زرخیزی (Zarkhez-e) ایپ کے ذریعے آسان قرضے کے لیے 35,838 درخواستیں موصول ہوئیں جس کے لیے7.35 بلین روپے منظور ہوئے جس میں سے 1.96 بلین روپے کے قرضے جاری کیے جا چکے ہیں۔

بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ اگست 2026 تک بینکوں کی جانب سے ایس ایم ای کے شعبے کو قرضوں کا حجم 1.067 ٹریلین روپے رہا جبکہ ایکسیس ٹو فنانس پلان 2026-2028 کے تحت جون 2028 تک ان قرضوں کا حدف 2 ٹریلین روپے رکھا گیا ہے۔ سمیڈا نے گزشتہ تین ماہ میں 1096 ایس ایم ایز کو فائنانشل لیٹریسی کی تربیت دی،

اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزا  احد خان چیمہ، رانا تنویر حسین، محمد اورنگزیب، ریاض حسین پیر زادہ، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی، مشیر وزیراعظم ہارون اختر خان، گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد، چاروں صوبوں اور آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے چیف سیکرٹریز، IBRD کی کنٹری ڈائریکٹر بولورما امگآبزر، پاکستانی بینکوں کے صدور اور سی ای اوز اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔