Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

سندھ اسمبلی نے بڑا فیصلہ سنا دیا، رینجرز کی تعیناتی میں مزید ایک سال کی توسیع

قرارداد میں سندھ میں رینجرز کے قیام میں مزید ایک سال کی توسیع کی سفارش کی گئی ہے

سندھ اسمبلی نے صوبے میں رینجرز کی تعیناتی اور اختیارات میں مزید ایک سال کی توسیع کی قرارداد منظور کرلی۔

منظور کی گئی قرارداد کے تحت سندھ میں رینجرز کی تعیناتی 20 جولائی 2026 سے 19 جولائی 2027 تک جاری رہے گی۔ توسیع آئین پاکستان کے آرٹیکل 147 کے تحت سول انتظامیہ کی معاونت کے لیے کی گئی ہے۔

قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ سندھ میں امن و امان برقرار رکھنے، عوام کے جان و مال کے تحفظ اور سیکیورٹی صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے رینجرز کی موجودگی ضروری ہے۔

قرارداد میں رینجرز کی جانب سے پولیس کے ساتھ مل کر کیے جانے والے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کو بھی اہم قرار دیا گیا۔ متن کے مطابق ان کارروائیوں کے نتیجے میں ٹارگٹ کلنگ اور اسٹریٹ کرائم میں کمی آئی، جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیوں سے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر پیش رفت ہوئی۔

قرارداد میں مزید کہا گیا کہ کالعدم تنظیموں کی سرگرمیاں اور مفرور ملزمان اب بھی سیکیورٹی کے لیے خطرہ ہیں، اس لیے صوبے میں امن و امان کے استحکام کے لیے رینجرز کی تعیناتی جاری رکھنا ضروری ہے۔

سندھ حکومت کی جانب سے پیش کردہ قرارداد کی منظوری کے بعد رینجرز کو سول انتظامیہ کی معاونت کے لیے مزید ایک سال تک صوبے میں تعینات رکھنے کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version