Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

سعودی عرب سے مکمل اظہار یکجہتی، مکہ معاہدے کی مکمل پاسداری کرتے ہیں، ترجمان وزارت خارجہ

پاکستان کو مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور اس کے ممکنہ اثرات پر شدید تحفظات ہیں

ترجمان دفتر خارجہ سجاد حیدر خان نے سعودی عرب پر حوثیوں کے حملے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان مکہ دفاعی معاہدے کی پاسداری کرتا ہے اور سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہے۔

اسلام آباد میں ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران سجاد حیدر خان نے سعودی عرب پر حوثیوں کے حملے کو انتہائی تشویشناک اور قابل مذمت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کارروائی سے دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان مشرق وسطیٰ کی صورتحال کا انتہائی سنجیدگی سے جائزہ لے رہا ہے اور حوثیوں کے حملوں کے بعد خطے میں پیدا ہونے والی صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ مکہ دفاعی معاہدہ دفاعی نوعیت کا ہے اور اس حوالے سے تینوں ممالک کی جانب سے الگ الگ پریس ریلیز بھی جاری کی گئی ہیں۔ پاکستان معاہدے کی پاسداری کرتے ہوئے سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہے۔

سجاد حیدر خان نے کہا کہ پاکستان کو مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور اس کے ممکنہ اثرات پر شدید تحفظات ہیں، جبکہ باب المندب کی صورتحال بھی باعث تشویش ہے۔

بھارتی بحری جہاز کے معاملے پر ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ بھارتی بحری جہاز نے پاکستانی بحریہ کے جہاز کے انتہائی قریب آکر جارحانہ انداز میں نقل و حرکت کی، جس کے نتیجے میں دونوں بحری جہازوں میں ٹکر ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی بحری جہاز کی یہ کارروائی بین الاقوامی قانون اور 1991 کے دوطرفہ معاہدے کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ پاکستان نے اس واقعے پر گزشتہ روز بھارتی ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کیا اور پاکستانی بحری جہاز سے ٹکرانے سمیت بھارتی بحریہ کی اشتعال انگیز کارروائی پر شدید احتجاج ریکارڈ کرایا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے بھارت پر زور دیا کہ وہ جنوبی ایشیا کو مزید عدم استحکام سے دوچار کرنے والی غیر ذمہ دارانہ کارروائیوں سے گریز کرے۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version