اسلام آباد میں سیکیورٹی انتظامات کے لیے سندھ پولیس کے 2 ہزار افسران و اہلکار تعینات کیے جائیں گے جس کے لیے سندھ پولیس نے محکمہ داخلہ سندھ سے اہلکاروں کی منتقلی کی اجازت طلب کرلی ہے۔
ذرائع کے مطابق سندھ پولیس کی جانب سے آئی جی سندھ کے دفتر سے محکمہ داخلہ سندھ کو خط ارسال کیا گیا ہے، جس میں 2 ہزار افسران و اہلکاروں کو اسلام آباد منتقل کرنے کی اجازت مانگی گئی ہے۔
سندھ پولیس کے مطابق اہلکاروں کو 20 ستمبر 2026 سے اسلام آباد میں سیکیورٹی فرائض کے لیے تعینات کیا جائے گا۔ خط میں سندھ پولیس کے دستوں کی اسلام آباد منتقلی اور ڈیوٹی مکمل ہونے کے بعد واپسی کے لیے ضروری انتظامات کرنے کی درخواست بھی کی گئی ہے۔
سندھ پولیس نے کراچی سے اسلام آباد اور واپسی کے لیے خصوصی ٹرین چلانے کے انتظامات کرنے کی بھی درخواست کی ہے۔ اس سلسلے میں وزارت داخلہ اور پاکستان ریلوے سے بھی ضروری اقدامات کے لیے رابطہ کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔
خط کے مطابق نومبر 2024 میں بھی سندھ پولیس کے اہلکاروں کی آمدورفت کے لیے ٹرین کے انتظامات کیے گئے تھے، جس کی بنیاد پر اس مرتبہ بھی خصوصی سفری انتظامات کی تجویز دی گئی ہے۔
سندھ پولیس کی جانب سے ڈی آئی جی ٹرانسپورٹ اینڈ ٹیکنیکل کو اہلکاروں کی اسلام آباد منتقلی اور واپسی کے انتظامات کے لیے فوکل پرسن مقرر کیا گیا ہے۔
2 ہزار اہلکاروں کی تعیناتی کے لیے اجازت اور سفری انتظامات مکمل ہونے کے بعد سندھ پولیس کے دستے اسلام آباد روانہ کیے جائیں گے۔
