وزارت مذہبی امور کے ترجمان کے مطابق پاک حج ایپ کے ذریعے پرائیویٹ حج اسکیم کے تحت 17 ہزار سے زائد عازمین کی بکنگ مکمل ہوچکی ہے جبکہ اسکیم میں اب بھی 54 ہزار نشستیں دستیاب ہیں۔
ترجمان مذہبی امور کے مطابق نیشنل آئی ٹی بورڈ کے ڈیجیٹل حج پورٹل کے ذریعے مجاز حج کمپنیوں کے اکاؤنٹس میں 14 ارب روپے منتقل کیے جاچکے ہیں، جبکہ 6 ارب روپے ون لنک اور بینک کارڈز کے ذریعے آن لائن جمع ہوئے ہیں۔
وزارت مذہبی امور کے ترجمان نے کہا ہے کہ پرائیویٹ حج اسکیم کے تحت عازمین گھر بیٹھے پاک حج ایپ کے ذریعے اپنی پسند کے حج پیکیج کا انتخاب کرسکتے ہیں۔ عازمین کو ہدایت کی گئی ہے کہ حج منظم کمپنی کا انتخاب اور حج پیکیج کی ادائیگی صرف پاک حج ایپ کے ذریعے ہی کریں۔
ترجمان کے مطابق وزارت مذہبی امور نے کسی بھی فرد یا کمپنی کو براہ راست ادائیگی کرنے سے منع کیا ہے۔ پاک حج ایپ کے علاوہ کسی دوسرے ذریعے سے ادائیگی کی صورت میں فراڈ ہونے پر وزارت مذہبی امور ذمہ دار نہیں ہوگی۔
وزارت مذہبی امور کے مطابق پرائیویٹ حج اسکیم کے تحت حج پورٹل کے ذریعے بکنگ مکمل کرنے کی آخری تاریخ 20 نومبر مقرر کی گئی ہے۔
وزارت نے عازمین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ حج پیکیج اور حج منظم کمپنی کے انتخاب سمیت تمام مالی معاملات کے لیے صرف سرکاری پاک حج ایپ اور ڈیجیٹل حج پورٹل کا استعمال کریں تاکہ کسی ممکنہ فراڈ سے محفوظ رہ سکیں۔
