Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پختہ یقین ہے پاکستان کی قسمت صرف نوجوان ہی بدل سکتے ہیں، وزیراعظم

وزیراعظم سے امریکا میں مقیم پاکستانی برداری اور نوجوانوں کے وفود کی علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں ہوئیں

اسلام آباد: وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پختہ یقین ہے کہ پاکستان کی قسمت صرف نوجوان ہی بدل سکتے ہیں۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف سے امریکا میں مقیم پاکستانی برداری اور نوجوانوں کے وفود کی علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں ہوئیں جس میں شعبہ صحت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت اور سماجی آنٹرپرونیورز کے ساتھ ساتھ مختلف یوتھ این جی اوز کے سربراہان اور پروفیشنلز شریک تھے۔

وزیرِ اعظم نے وفد کا خیرمقدم کیا اور نوجوانوں کو مختلف شعبہ جات میں بہتری کیلئے تجاویز دینے اور پاکستان کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کی دعوت دی۔

اس موقع پر وزیرِ اعظم نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بیرون ملک مقیم باصلاحیت پاکستانی نوجوان مجھ سمیت پوری قوم کا فخر ہیں، پختہ یقین ہے کہ پاکستان کی قسمت صرف نوجوان ہی بدل سکتے ہیں، پاکستان بھر کے نوجوانوں کو با اختیار بنانے کے لیے آئی ٹی، مصنوعی ذہانت اور جدید ہنر سکھانے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔

انکا کہنا تھا کہ خادم پنجاب کے دور سے باصلاحیت نوجوانوں کو لیپ ٹاپس، وظائف اور معاشی طور پر کمزور طلباء و طالبات کو دانش اسکولز کے ذریعے یکسان تعلیم کے مواقع فراہم کرنے کا جو سلسلہ شروع کیا تھا، وہ بطور خادم پاکستان بھی جاری ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ معاشی طور پر کمزور بچوں کو دانش اسکولز کے ذریعے بین الاقوامی معیار کی تعلیم فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ اب عالمی معیار کی دانش یونیورسٹی کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے، پاکستان کے نوجوانوں کی ترقی کے لیے آپ کی تجاویز کا خیر مقدم کرتے ہیں۔

نوجوانوں نے وزیرِ اعظم کے نوجوانوں کی ترقی بالخصوص آئی ٹی، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور کاروبار میں آسانی کیلئے اقدامات پر خراج تحسین پیش کیا۔

ملاقاتوں میں رانا مشہود احمد خان چئیرمین وزیرِ اعظم یوتھ پروگرام، معاون خصوصی بلال بن ثاقب، پاکستان کے اقوام متحدہ میں مستقل مندوب عاصم افتخار، پاکستان کے امریکا میں سفیر رضوان احمد شیخ، وزیرِ اعظم کے غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے ترجمان مشرف زیدی، سید قمر رضا چیئرمین اوور سیز فاؤنڈیشن، مینیجنگ ڈائیریکٹر اوورسیز فاؤنڈیشن افضال بھٹی اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

متعلقہ خبریں