صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم محمد شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بلوچستان کے علاقوں کوئٹہ، کوئٹہ ویسٹ، شعبان اور کیچ میں سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں پر خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے کارروائیوں میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کی ہلاکت پر سیکیورٹی فورسز کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کی ہلاکت فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت کا ثبوت ہے۔
صدر مملکت نے وطن کے دفاع میں جام شہادت نوش کرنے والے صوبیدار محمد جمیل شہید کو بھی خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ صوبیدار محمد جمیل کی قربانی قوم کے امن و سلامتی کے لیے سیکیورٹی فورسز کے غیر متزلزل عزم کی علامت ہے۔ صدر نے تونسہ شریف سے تعلق رکھنے والے شہید کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار بھی کیا۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ضلع کوئٹہ کے علاقے شعبان میں کارروائی کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے 13 دہشت گردوں کی ہلاکت پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔
وزیراعظم کے مطابق ضلع کیچ اور کوئٹہ ویسٹ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران مزید 6 دہشت گردوں کی ہلاکت سیکیورٹی فورسز کی کامیاب حکمت عملی کا ثبوت ہے۔
وزیراعظم نے شہید صوبیدار محمد جمیل کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے وطن کے دفاع میں اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا اور ان کی قربانی قوم کے لیے باعث فخر ہے۔ وزیراعظم نے شہید کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت بھی کی۔
شہباز شریف نے کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں جاری رہیں گی، جبکہ غیر ملکی سرپرستی اور معاونت سے ہونے والی دہشت گردی کا ہر قیمت پر خاتمہ کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی بہادر سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ 19 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر فورسز کی جرات اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
محسن نقوی نے کہا کہ بلوچستان میں امن دشمن عناصر کے خلاف پوری قوت سے آپریشنز جاری ہیں اور سیکیورٹی فورسز کے بہادر سپوت قوم کا فخر ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ نے خوارجی دہشت گردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے شہادت پانے والے صوبیدار محمد جمیل کو بھی خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ صوبیدار محمد جمیل نے قوم کے پرامن کل کے لیے اپنا آج قربان کرکے مثال قائم کی اور وطن پر جان نثار کرکے شہادت کا عظیم رتبہ پایا۔

















