دبئی میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے کرکٹ آپریشنز ورکشاپ میں بین الاقوامی کرکٹ کے آئندہ شیڈول پر اہم مشاورت جاری ہے جس میں 2027 سے 2031 تک کے نئے فیوچر ٹورز پروگرام (FTP) کو حتمی شکل دینے پر غور کیا جا رہا ہے۔
ورکشاپ کا آغاز منگل 22 ستمبر کو ہوا، جبکہ موجودہ ایف ٹی پی مارچ 2027 میں مکمل ہوگا۔ ابتدائی طور پر سامنے آنے والی تفصیلات کے مطابق نئے سائیکل میں ٹی 20 انٹرنیشنل میچز کی تعداد بڑھنے کا امکان ہے، جبکہ دو طرفہ ون ڈے سیریز کو محدود کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔
آئی سی سی ذرائع کے مطابق نئے شیڈول کی حتمی شکل نومبر میں بالی میں ہونے والے آئی سی سی کے سہ ماہی اجلاس میں پیش کیے جانے کا امکان ہے۔
آئی سی سی ٹی 20 فارمیٹ کو دنیا بھر میں کرکٹ کے پھیلاؤ کے لیے اہم ذریعہ سمجھتی ہے، جس کے باعث آئندہ ایف ٹی پی میں مختصر ترین فارمیٹ کو مزید مواقع دینے کی تجویز زیر غور ہے۔
ذرائع کے مطابق تینوں فارمیٹس کا بڑھتا ہوا مصروف شیڈول ٹیموں کے لیے متوازن رکھنا مشکل ہوتا جارہا ہے، اسی لیے دو طرفہ ون ڈے سیریز کی تعداد کم کرنے کی تجویز پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔
تاہم ون ڈے کرکٹ کی دلچسپی برقرار رکھنے کے لیے 1990 کی دہائی کی طرز پر سہ ملکی یا چار ملکی سیریز دوبارہ متعارف کرانے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔ اس صورت میں کم دو طرفہ سیریز کے باوجود ون ڈے کرکٹ کے لیے باقاعدہ کثیر ملکی مقابلوں کا راستہ کھل سکتا ہے۔
نئے ایف ٹی پی کو ابھی حتمی منظوری نہیں ملی، تاہم بھارت، آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان دو طرفہ سیریز کا بڑا حصہ پہلے ہی طے شدہ ہے۔
روایتی شیڈول کے مطابق تاریخی ایشز سیریز 2027، 2029-30 اور 2031 میں کھیلی جائے گی، جبکہ بھارت کے 2028 کے اوائل میں انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کھیلنے کا پروگرام ہے۔
اسی طرح انگلینڈ 2029 میں بھارت کی میزبانی کرے گا۔
نئے ایف ٹی پی کی حتمی منظوری کے بعد ہی واضح ہوگا کہ مختلف ٹیموں کے درمیان ون ڈے، ٹی 20 اور ٹیسٹ سیریز کی مجموعی تعداد اور شیڈول کس شکل میں سامنے آتا ہے۔


















