پاکستان میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہی اجلاس کی تیاریوں کے سلسلے میں کونسل آف نیشنل کوآرڈینیٹرز کا تین روزہ اجلاس آج سے اسلام آباد میں شروع ہوگیا جس میں دو سال بعد بھارتی وفد بھی شرکت کر رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں ایس سی او کے 10 رکن ممالک کے نیشنل کوآرڈینیٹرز شریک ہیں، جبکہ بھارتی وفد کی قیادت نیشنل کوآرڈینیٹر الوک امیتابھ دیمری کر رہے ہیں۔ اجلاس 30 ستمبر تک جاری رہے گا، جس میں تنظیم کے سیکریٹریٹ کے نمائندے بھی شرکت کر رہے ہیں۔
اجلاس کا بنیادی مقصد آئندہ اگست میں اسلام آباد میں ہونے والے ایس سی او سربراہی اجلاس کی تیاریوں کا جائزہ لینا اور پاکستان کی 2026-27 کی صدارت کے پروگرام کو حتمی شکل دینا ہے۔ اس دوران تنظیم کے آئندہ اجلاسوں اور دیگر تقریبات کے انعقاد سے متعلق امور پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔
پاکستان نے رواں ماہ ایس سی او کونسل آف ہیڈز آف اسٹیٹ کی گردشی صدارت سنبھالی ہے۔ پاکستان کی صدارت کے دوران علاقائی رابطہ کاری، جدت، اقتصادی تعاون اور عوامی روابط کے فروغ کو ترجیح دی جائے گی۔
اجلاس کی صدارت پاکستان کے ایس سی او نیشنل کوآرڈینیٹر کریں گے۔ پاکستان تمام رکن ممالک اور ایس سی او سیکریٹریٹ کے ساتھ قریبی تعاون کے ذریعے تنظیم کے مشترکہ وژن کو عملی اور باہمی مفید اقدامات میں تبدیل کرنے کا خواہاں ہے۔
نیشنل کوآرڈینیٹرز تنظیم کے رکن ممالک کے درمیان رابطہ کاری اور باہمی تعاون میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ پاکستان میں جاری یہ اجلاس آئندہ سربراہی اجلاس اور ملک کی ایک سالہ صدارت کے دوران ہونے والی سرگرمیوں کی تیاریوں کا اہم مرحلہ ہے۔




















