Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

4 اکتوبر کا مارچ ہوکر رہے گا، اتنے لوگ نکلیں گے کہ تاریخ میں کبھی نہیں نکلیں ہوں گے، سہیل آفریدی

اگر کسی نے حالات خراب کرنے کی کوشش کی تو ہم تیار ہیں، وزیر اعلیٰ کے پی

پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ 4 اکتوبر کو مارچ ہوکر رہے گا، اتنے لوگ نکلیں گے کہ جتنے پاکستان کی تاریخ میں کبھی نہیں نکلیں ہوں گے۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا کہ ہمارے لوگوں کو بدظن کرنے کے لیے الزامات لگائے جارہے ہیں۔ آج جی ڈی پی گروتھ 4 سالوں کی نچلی سطح پر پہنچ چکی ہے جب کہ افغانستان ہمارا ہمسایہ ملک ہے اور جنگ کی حالت میں بھی ترقی کررہا ہے۔

سہیل آفریدی کے مطابق افغانستان میں فی کس آمدنی 430 ڈالر تک پہنچ چکی ہے جب کہ پاکستان کا اندرونی اور بیرونی قرضہ 43 ہزار ارب روپے تھا۔ ہمارا غریب طبقہ تقریباً 12 کروڑ افراد پر مشتمل ہے جو دو وقت کا کھانا نہیں کھا سکتے اور 6 ارب روپے کی مرسڈیز گاڑیاں منگوائی جارہی ہیں۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ پاکستان کا خسارہ 40 ارب روپے تک پہنچ چکا ہے، جن لوگوں نے رجیم چینج کرکے چوروں کا ٹولا مسلط کیا، وہ اب مسخروں کو میڈیا پر بٹھا کر قوم اور ملک کو کہاں لے جارہے ہیں۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ یہ لوگ چاہتے ہیں کہ پاکستان کی عوام کو غربت کی لکیر تک 70 فیصد پہنچایا جائے۔ بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کو گرفتار کرکے انہیں اذیت دی جارہی ہے جب کہ ان کا مقصد بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ کو جیل میں رکھنا ہے لیکن کسی نے بولنا نہیں۔

وزیراعلیٰ کہتے ہیں کہ 4 اکتوبر کو مارچ ہوکر رہے گا اور عوام نکلے گی تاہم کسی کو اس کا اندازہ بھی نہیں ہے کہ  4 اکتوبر کو اتنے لوگ نکلیں گے جتنے پاکستان کی تاریخ میں کبھی نہیں نکلے ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر کسی نے حالات خراب کرنے کی کوشش کی تو ہم تیار ہیں، ہم اپنے زور بازو اور عوام کی طاقت سے یہاں تک پہنچے ہیں۔ میڈیا پر جس ’’کارٹون نیٹ ورک‘‘ کو بٹھایا جارہا ہے یہ غلط کیا جارہا ہے، یہ لوگ پاکستانی عوام کو کیڑے مکوڑے سمجھتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ان لوگوں کو کوئی فرق نہیں پڑتا چاہے غربت ہو یا بے روزگاری کیونکہ ان لوگوں کے پیچھے اسٹیبلشمنٹ ہے جب کہ پاکستان مسلم لیگ ن پاکستان میں انتشار پھیلانے کی کوشش کررہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نہتے ہوکر مارچ کریں گے اور خالی ہاتھ آئیں گے، اگر کسی کے ہاتھ میں کوئی انتشار پھیلانے والی چیز نظر آئے تو اسے مارچ میں پولیس کے حوالے کیا جائے۔ اگر کسی نے ہمارے مارچ میں انتشار پھیلایا تو وہ پاکستان مسلم لیگ ن کا ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ اپنے مقصد سے نہیں ہٹیں گے، ہماری جو ڈیمانڈز ہیں وہ مان لی جائیں تو سارا معاملہ ختم ہوجائے گا جب کہ پہلے مرحلے میں صوابی جائیں گے اور اس کے بعد آگے ضرور جائیں گے۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version