سینیٹ کا اجلاس کل شام 5 بجے ہوگا، جس کے لیے سینیٹ سیکریٹریٹ نے 79 نکاتی ایجنڈا جاری کردیا ہے۔ اجلاس میں قومی امور سمیت مختلف اہم معاملات زیر بحث آئیں گے جبکہ متعدد بلز اور قراردادیں بھی پیش کی جائیں گی۔
ایجنڈے کے مطابق سینیٹ میں کیپٹن عاصم طارق شہید کی بہادری اور قربانی کو خراج عقیدت پیش کرنے کی قرارداد پیش کی جائے گی۔ کوہستان میں قومی شاہراہوں پر حادثات کی روک تھام اور مسافروں کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے اقدامات سے متعلق قرارداد بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔
اجلاس میں نجی ارکان کے بلز کی منظوری کے عمل سے متعلق قواعد میں ترمیم کی تجویز پیش کی جائے گی، جبکہ اعلیٰ تعلیمی کمیشن اور پاکستان بیت المال سے متعلق بلز مشترکہ اجلاس کو بھیجنے کی تحریکیں بھی پیش ہوں گی۔
سینیٹ کے ایجنڈے میں درختوں کے تحفظ اور ماحولیاتی انصاف کے لیے نیا بل پیش کرنے کی تجویز بھی شامل ہے۔ اس کے علاوہ نجی سکیورٹی گارڈز کے حقوق اور فلاح و بہبود کے تحفظ سے متعلق بل اور اسلام آباد میں ڈسپوزایبل سرنجوں کے استعمال کو ریگولیٹ کرنے کے لیے بل بھی پیش کیے جائیں گے۔
اجلاس کے دوران ان قانونی و پارلیمانی امور کے علاوہ دیگر قومی معاملات پر بھی غور کیا جائے گا۔
