Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

بلوچستان میں فتنۃ الہندوستان کے خلاف کارروائیاں؛ 4 دہشت گرد ہلاک، پاک فوج کا میجر شہید

سیکیورٹی فورسز کے دستے کو آئی ای ڈی بم کے ذریعے نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں میجر جہات وحید شہید ہوگئے

بلوچستان کے علاقوں قلات اور گوادر میں فتنۃ الہندوستان کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کے دوران 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ آئی ای ڈی دھماکے میں پاک فوج کے میجر جہات وحید نے جام شہادت نوش کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق قلات کے علاقے جنگ آباد میں انٹیلی جنس بنیادوں پر آپریشن کیا گیا جس کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔ کارروائی میں 4 دہشت گرد مارے گئے جبکہ ان کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔

دوسری جانب گوادر کے علاقے شادی کور میں بھی دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشنز شروع کردیے گئے ہیں تاہم اس دوران سیکیورٹی فورسز کے دستے کو دیسی ساختہ بم (آئی ای ڈی) کے ذریعے نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں میجر جہات وحید شہید ہوگئے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق شہید میجر جہات وحید کی عمر 34 سال تھی اور ان کا تعلق لاہور سے تھا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں دہشت گردوں کے خاتمے اور ملک کو ان کے شر سے پاک کرنے کے لیے کلیئرنس آپریشنز جاری رہیں گے۔ سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے عزمِ استحکام کے تحت کارروائیاں جاری رکھنے کے لیے پُرعزم ہیں۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version