Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

آصف علی زرداری کل جرمنی روانہ ہوں گے، 22 سال بعد پاکستانی صدر کا اہم دورہ

صدر مملکت آصف علی زرداری کل جرمنی کے دورے پر روانہ ہوں گے جو دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کے 75 سال مکمل ہونے کے تناظر میں خصوصی اہمیت رکھتا ہے۔

ذرائع کے مطابق صدر آصف علی زرداری کو جرمنی کے صدر فرینک والٹر شٹائن مائر نے دورے کی دعوت دی ہے۔ اس دورے کا مقصد پاکستان اور جرمنی کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے، تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے اور باہمی روابط کو فروغ دینا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ 22 برس کے دوران کسی پاکستانی صدر کا یہ پہلا دوطرفہ دورہ جرمنی ہوگا، جبکہ صدر آصف علی زرداری بھی پہلی مرتبہ اس نوعیت کے دورے پر جرمنی جائیں گے۔

دورے کے دوران صدر مملکت کی جرمن صدر فرینک والٹر شٹائن مائر اور جرمن چانسلر فریڈرک مرز سے ملاقاتیں متوقع ہیں۔ ان ملاقاتوں میں پاکستان اور جرمنی کے تعلقات، باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی و عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق پاکستانی قیادت جرمن حکام کو خطے میں ہونے والی تازہ پیش رفت سے بھی آگاہ کرے گی، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات پر بھی بات چیت ہوگی۔

صدر مملکت اپنے دورے کے دوران جرمنی کی کاروباری برادری کے اہم نمائندوں سے بھی ملاقاتیں کریں گے، جن میں تجارتی اور اقتصادی روابط کو وسعت دینے کے امکانات زیر غور آئیں گے۔

اعلیٰ سطح کا کاروباری وفد اور سینئر پاکستانی حکام بھی صدر آصف علی زرداری کے ہمراہ جرمنی جائیں گے۔ توقع ہے کہ یہ دورہ دونوں ممالک کے دیرینہ تعلقات کو نئی جہت دینے اور سفارتی و اقتصادی تعاون کو مزید آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version