ملتان میں ٹھیکیدار کی جانب سے مزدور بچے کو کچلنے کے واقعے کا پراسیکیوٹر جنرل پنجاب چوہدری عرفان صادق تارڑ نے نوٹس لیتے ہوئے مقدمے کو ہائی پروفائل قرار دے دیا۔
پراسیکیوٹر جنرل پنجاب نے مقدمے کی مؤثر پیروی کے لیے پراسیکیوٹرز کی خصوصی ٹیم تشکیل دے دی ہے اور ہدایت کی ہے کہ کیس کی پیش رفت پر کڑی نظر رکھی جائے اور قانونی تقاضوں کے مطابق بروقت اقدامات کیے جائیں۔
چوہدری عرفان صادق تارڑ کا کہنا ہے کہ خصوصی ٹیم مقدمے کی مکمل اور مؤثر پیروی یقینی بنائے تاکہ انصاف کے تقاضے پورے ہوسکیں۔
انہوں نے کہا کہ محنت کش طبقہ معاشرے کا اہم حصہ ہے اور ان کی جان و مال کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے۔ ایسے واقعات میں قانون کی عملداری اور متاثرین کو انصاف کی فراہمی یقینی بنانا نہایت ضروری ہے۔
پراسیکیوٹر جنرل پنجاب نے امید ظاہر کی کہ پراسیکیوشن ٹیم مقدمے میں مؤثر کردار ادا کرتے ہوئے انصاف کی فراہمی کے لیے تمام ضروری قانونی اقدامات کرے گی۔
