Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

’پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات نئی بلندیوں کو چھو رہے ہیں‘

عطاء تارڑ سے پاکستان میں تعینات سعودی عرب کے سفیر کی ملاقات ہوئی

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات نئی بلندیوں کو چھو رہے ہیں۔

وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ سے پاکستان میں تعینات سعودی عرب کے سفیر راجع بن طامی البقمی کی ملاقات ہوئی جس میں انہوں نے سعودی سفیر کو پاکستان میں تعیناتی پر مبارکباد دی اور خوش آمدید کہا۔

ملاقات کے دوران پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اطلاعات، نشریات، میڈیا اور ثقافتی شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق ہوا جبکہ وفاقی وزیر نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان میڈیا، ثقافت اور عوامی روابط کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا۔

عطاء اللہ تارڑ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان میڈیا، ثقافت، ڈرامہ، موسیقی، سیاحت اور عوامی روابط کے شعبوں میں تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں، پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مکہ دفاعی معاہدہ دفاعی تعاون کے حوالے سے مضبوط شراکت داری کا عکاس ہے۔

انکا کہنا تھا کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی متحرک قیادت میں سعودی عرب نے نہ صرف معاشی بلکہ ثقافتی میدان میں نمایاں تبدیلی اور ترکی کی، سعودی عرب کے شہر ”العلا“ میں سیاحت کا فروغ اور ”الدرعیہ“ کی تاریخی و ثقافتی اہمیت کو جدید انداز میں اجاگر کرنا سعودی قیادت کے وژن کی نمایاں مثالیں ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کئی نسلوں پر محیط ہیں، یہ تعلق محض سفارتی یا سیاسی نہیں بلکہ تاریخی، مذہبی اور عوامی سطح پر مضبوط بنیادیں رکھتا ہے۔

عطاء اللہ تارڑ نے دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی تعاون کو فروغ دینے کے لئے مشترکہ منصوبوں پر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور سعودی عرب میں مقیم پاکستانی شہری فرمان علی خان کا ذکر کیا جس نے دونوں ممالک کے عوام کے درمیان لازوال محبت اور بھائی چارے کی روشن مثال قائم کی۔

واضح رہے کہ پاکستانی شہری فرمان علی خان نے 2009ء میں جدہ میں سیلاب کے دوران متعدد افراد کی جانیں بچاتے ہوئے اپنی جان قربان کر دی تھی۔

ملاقات میں پاکستانی ڈراموں کو سعودی عرب میں متعارف کرانے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا دونوں ممالک کے درمیان ادیبوں، شاعروں، فنکاروں، موسیقاروں، میڈیا نمائندگان اور ڈیجیٹل مواد تخلیق کرنے والوں کے وفود کے تبادلوں کی تجویز دی گئی۔

عطاء اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ پاکستانی ڈرامے خاندانی اقدار، مشرقی روایات اور اسلامی ثقافت کی عکاسی کرتے ہیں، پاکستان سیاحت کے حوالے سے بے پناہ قدرتی حسن اور تاریخی مقامات کا حامل ملک ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے سعودی میڈیا نمائندوں، سیاحوں اور ڈیجیٹل انفلوئنسرز کو پاکستان کے مختلف سیاحتی مقامات کے دورے کی دعوت دی سعت غلط معلومات اور منفی پروپیگنڈے کی روک تھام، فیکٹ چیکنگ کے نظام کو موثر بنانے اور مشترکہ ثقافتی اقدار کی عکاسی کرنے والے مواد کی تیاری میں تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے سعودی سفیر کو سوشل میڈیا انفلوئنسرز کی صلاحیتوں سے استفادہ کرتے ہوئے عوامی آگاہی اور اہم حکومتی اقدامات کی تشہیر کے اقدامات سے متعلق آگاہ کیا اور کہا کہ وزیراعظم فیول ریلیف اسکیم کے حوالے سے جاری کی گئی سوشل میڈیا پوسٹ کو 80 لاکھ سے زائد مرتبہ دیکھا گیا۔

دوسری جانب سعودی سفیر نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مضبوط برادرانہ تعلقات، باہمی اعتماد، احترام اور سیاسی و عسکری تعاون کو قابل فخر قرار دیا اور کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی تقریبات، فنون، ادب اور میڈیا کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version