سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اپر کرم میں افغانستان سے پاکستان میں دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے ایک مسلح افغان خارجی کو گرفتار کرلیا، جبکہ دہشت گردوں کی باقی تشکیل سرحد عبور کرنے میں ناکام رہی۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق افغانستان سے دراندازی کرنے والی مسلح دہشت گرد تشکیل میں شامل گرفتار شخص کی شناخت قاری وقاص عرف قدوس کے نام سے ہوئی ہے، جس کا تعلق افغانستان کے علاقے اسپین غر سے بتایا جاتا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار افغان خارجی نے دورانِ تفتیش انکشاف کیا کہ وہ پاکستان میں خارجی کاظم گروپ میں شمولیت اختیار کرنے کے لیے داخل ہوا تھا۔
گرفتار ملزم کی تلاشی کے دوران ایک سب مشین گن، چار میگزین اور 88 گولیاں برآمد ہوئیں، جبکہ اس کے قبضے سے ایک نوٹ بک بھی ملی ہے، جس میں مختلف مقامات اور بم بنانے کی تکنیک سے متعلق نوٹس درج تھے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق گرفتار افغان خارجی سے مزید تفتیش جاری ہے، جبکہ اس واقعے کو افغانستان سے پاکستان میں دہشت گردوں کی دراندازی کے ناقابل تردید شواہد قرار دیا گیا ہے۔
