وزیراعظم شہباز شریف نے ترکیہ کے شہر انطالیہ میں کوپ 31 کانفرنس کے موقع پر ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان اور ایران کے دیرینہ برادرانہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ اپنے بھائی مسعود پزشکیان سے ملاقات کرکے انہیں بے حد خوشی ہوئی۔ پاکستان اور ایران کے تعلقات مشترکہ تاریخ، ثقافت اور مذہب کی مضبوط بنیادوں پر قائم ہیں۔
وزیراعظم نے خطے میں جاری تنازعات پر پاکستان کی گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پائیدار امن کا راستہ مذاکرات، تحمل اور مسلسل سفارت کاری سے ہی ممکن ہے۔ کشیدگی میں کمی اور سفارتی روابط کا تسلسل خطے میں امن و استحکام کے لیے ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت طے پانے والے امور پر پیشرفت جاری ہے اور پاکستان خطے میں امن و استحکام کے لیے مخلصانہ اور تعمیری کردار ادا کر رہا ہے۔
شہباز شریف کے مطابق ملاقات میں دونوں ممالک نے اپنے عوام کے پُرامن اور خوشحال مستقبل کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔
