چین کے سائنس دانوں نے ایک ایسی الیکٹرک کنگھی تیار کی ہے جو بجلی کی ہلکی لہروں اور خصوصی جینیاتی علاج کے ذریعے بالوں کی دوبارہ افزائش میں مدد دے سکتی ہے۔
بالوں کا گرنا اور گنج پن آج کل مردوں اور خواتین دونوں کے لیے ایک عام مسئلہ بنا ہوا ہے۔ اس مسئلے کے علاج کے لیے چین کے سائنس دانوں نے ایک نئی برقی کنگھی تیار کی ہے، جس کا مقصد صرف بال سنوارنا نہیں بلکہ گرے ہوئے بالوں کو دوبارہ اگانے میں مدد دینا ہے۔
ٹینگل نامی اس کنگھی کا نام ڈزنی کی مشہور فلم ’ٹینگلڈ‘ سے متاثر ہو کر رکھا گیا ہے جس میں شہزادی ریپنزل کے بہت لمبے بال دکھائے گئے ہیں۔
سائنس دانوں کے مطابق یہ کنگھی بجلی کی ہلکی لہروں اور خاص جینیاتی علاج کی مدد سے بالوں کی جڑوں کو دوبارہ فعال کرنے کی کوشش کرتی ہے لیکن فی الحال اس کے نتائج صرف چوہوں پر کامیاب رہے ہیں۔ انسانوں پر اس کا استعمال ابھی باقی ہے۔
بیہانگ یونیورسٹی کے سائنس دانوں نے یہ کنگھی خاص طور پر موروثی گنج پن کے علاج کے لیے تیار کی ہے جسے طبی زبان میں اینڈروجینیٹک ایلوپیشیا کہا جاتا ہے۔
اس بیماری میں بالوں کی جڑیں آہستہ آہستہ کمزور اور چھوٹی ہونے لگتی ہیں۔ اس کے نتیجے میں نئے بال پہلے کے مقابلے میں باریک اور چھوٹے نکلتے ہیں۔
اس عمل میں ڈی ایچ ٹی نامی ہارمون اہم کردار ادا کرتا ہے جو بالوں کی جڑوں کو کمزور کرتا ہے۔
بالوں کے جھڑنے کو روکنے کے لیے مائنوکسیڈل جیسی دوائیں استعمال کی جاتی ہیں لیکن جلد کے اندر دوا کو گہرائی تک پہنچانا مشکل ہوتا ہے جبکہ گولیاں کھانے سے جسم کے دوسرے حصوں پر بھی اس کے مضر اثرات پڑ سکتے ہیں تاہم نئی کنگھی اسی مسئلے کا حل تلاش کرنے کی ایک کوشش ہے۔
یہ بھی پڑھیں: گنج پن کے علاج میں تاریخی پیش رفت؛ بالوں کے فعال فولیکلز تیار
ڈی ٹینگل کنگھی میں چھوٹے الیکٹروڈز اور دوا رکھنے کے لیے خاص جگہیں بنائی گئی ہیں جب کنگھی کو جلد پر چلایا جاتا ہے تو اس میں سے بجلی کی ہلکی لہریں نکلتی ہیں، جو جلد میں باریک راستے بناتی ہیں۔ اس طرح دوا جلد کے اندر گہرائی تک پہنچ سکتی ہے اور خلیوں میں داخل ہونے میں مدد ملتی ہے۔

اس کے علاوہ بجلی کی یہ لہریں بالوں کی افزائش میں مدد دینے والے قدرتی نظام کو بھی متحرک کرتی ہیں۔
کنگھی میں دو خاص قسم کے علاج استعمال کیے گئے
تجربے کے دوران سائنس دانوں نے کنگھی میں دو قسم کے جینیاتی علاج شامل کیے، پہلے علاج کا مقصد خون کی نئی نالیاں بنانا تھا تاکہ بالوں کی جڑوں تک خون کی فراہمی بہتر ہو سکے جبکہ دوسرے علاج کا مقصد ایسے مادے کی پیداوار کم کرنا تھا جو بال جھڑنے سے متعلق ڈی ایچ ٹی ہارمون بنانے میں مدد دیتا ہے۔
اس طرح کنگھی ایک طرف بالوں کی جڑوں تک خون پہنچانے میں مدد دیتی ہے اور دوسری طرف بال جھڑنے کے عمل کو کم کرنے کی کوشش کرتی ہے۔
چوہوں پر تجربے کے نتائج کیا رہے؟
سائنس دانوں نے نر چوہوں کی کمر کے بال صاف کیے اور روزانہ ان کی جلد پر ٹیسٹوسٹیرون لگایا تاکہ ان میں بال جھڑنے جیسی کیفیت پیدا کی جا سکے۔
اس کے بعد ایک گروپ پر ہر تین دن بعد ڈی ٹینگل کنگھی استعمال کی گئی، جبکہ دوسرے گروپ کو روزانہ مائنوکسیڈل دوا دی گئی۔
28 دن کے استعمال کے بعد ڈی ٹینگل استعمال کرنے والے چوہوں کے متاثرہ حصے پر تقریباً تمام بال واپس اگ آئے۔ جبکہ مائنوکسیڈل استعمال کرنے والے چوہوں میں تقریباً 70 فیصد بال واپس آئے۔
کنگھی استعمال کرنے والے چوہوں میں بالوں کی جڑیں بھی زیادہ فعال ہونے کے ساتھ خون کی گردش میں بھی بہتری نوٹ کی گئی جو کہ حوصلہ افزا ہے۔
اگرچہ چوہوں پر اس کنگھی کے مثبت نتائج سامنے آئے تاہم ابھی یہ معلوم نہیں کہ انسانوں کی جلد پر اس کا کیا اثر ہوگا۔
سائنس دانوں کو یہ بھی دیکھنا ہوگا کہ اس کا طویل عرصے تک استعمال محفوظ ہے یا نہیں، اس کے نتائج کتنے عرصے تک برقرار رہتے ہیں اور اسے مستقبل میں کتنی بار استعمال کرنا پڑے گا یہی وجہ ہے کہ اس لیے فی الحال اسے گنج پن کا باقاعدہ علاج نہیں کہا جا سکتا۔
اگرچہ ابھی ریپنزل جیسے لمبے بال حاصل کرنا ممکن نہیں، لیکن سائنس دانوں کی یہ نئی کوشش مستقبل میں بالوں کے جھڑنے کے علاج کے لیے امید کی ایک نئی کرن بن سکتی ہے۔