خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں کرتے ہوئے 74 دہشت گرد ہلاک کر دیئے۔
پاک فوج کے ترجمان (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میر علی اور اورکزئی میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے، گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران میر علی میں 35 جبکہ اورکزئی میں 8 خوارج ہلاک کر دیے گئے۔
بتایا گیا ہے کہ شدید فائرنگ کے تبادلے میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کو بھاری نقصان پہنچایا گیا، آپریشنز کے دوران اسلحہ، گولہ بارود، دیسی ساختہ دھماکا خیز مواد اور آئی ای ڈیز بھی برآمد کر لی گئیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشنز جاری ہیں، ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک آپریشن عزمِ استحکام پوری رفتار سے جاری رہے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بلوچستان کے ضلع کوئٹہ کے علاقے کرم میں سکیورٹی فورسز کا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن جاری ہے، مختلف جھڑپوں کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم 31 دہشت گرد مارے گئے ہیں۔
بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے سکیورٹی فورسز نے متعدد دہشت گرد ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا، دہشت گردوں کے ٹھکانوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد برآمد کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے آپریشنز جاری رہیں گے۔
