امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے میکسیکو کو دھمکی دی ہے کہ اگر اس نے غیر قانونی تارکین وطن کے بڑے قافلوں کو امریکا کی جانب بڑھنے سے نہ روکا تو میکسیکو پر عائد ٹیرف دگنے کردیے جائیں گے، ان کا کہنا ہے کہ اس معاملے میں کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر اپنے بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ مڈٹرم انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کی شکست کے بعد امریکا پر ایک بار پھر حملہ شروع ہوگیا ہے اور بڑے بڑے قافلے میکسیکو کے راستے غیر قانونی طور پر امریکا میں داخل ہونے کے لیے مارچ کررہے ہیں۔
ٹرمپ کے مطابق ان قافلوں میں ایسے متعدد افراد بھی شامل ہیں جنہیں مختلف ممالک قبول کرنے سے انکار کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میکسیکو کو ان قافلوں کو فوری طور پر روکنا ہوگا، بصورت دیگر اسے بھاری تجارتی پابندیوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔
امریکی صدر نے بتایا کہ میکسیکو، ٹیکساس کے گورنر اور امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ (آئی سی ای) کو اس صورت حال سے آگاہ کردیا گیا ہے۔
دوسری جانب ڈونلڈ ٹرمپ نے کانگریس میں امریکا ایکٹ 5 کی منظوری نہ ہونے پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ بل ایوان نمائندگان میں 5 مرتبہ پیش کیے جانے کے باوجود منظور نہیں ہوسکا۔
ٹرمپ نے کہا کہ کسی قانون سازی کو سینیٹ میں اس طرح زیر التوا نہیں چھوڑا جاسکتا کہ اس پر کوئی فیصلہ ہی نہ ہو۔ ان کے مطابق امریکا ایکٹ 5 کی منظوری میں ناکامی مڈٹرم انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کے لیے تباہ کن ثابت ہوئی۔
