Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

عالمی 500 بااثر مسلم شخصیات میں پاکستان کے شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کا پہلا نمبر

پاکستان کے ممتاز عالم دین مفتی محمد تقی عثمانی نے ساتویں پوزیشن حاصل کی ہے

دنیا کی 500 بااثر مسلم شخصیات کی سالانہ فہرست میں پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت نے نمایاں مقام حاصل کرلیا۔ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کو سعودی اور ترک قیادت کے ہمراہ مشترکہ طور پر پہلی پوزیشن دی گئی ہے۔

اردن کے رائل اسلامک اسٹریٹجک اسٹڈیز سینٹر کی جاری کردہ اشاعت ’دی مسلم 500‘ میں سعودی فرمانروا شاہ سلمان، ولی عہد محمد بن سلمان، وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور ترک صدر رجب طیب اردوان کو خصوصی مضمون میں مشترکہ طور پر نمبر ون قرار دیا گیا ہے۔

ادارے کے مطابق ان رہنماؤں کو یہ اعزاز پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان دفاعی تعاون اور مشترکہ دفاعی معاہدے کی اہمیت کے تناظر میں دیا گیا ہے۔ اشاعت میں تینوں ممالک کی فوجی طاقت، معاشی وسائل اور دفاعی ٹیکنالوجی کو باہمی تعاون کی بڑی بنیادیں قرار دیا گیا ہے۔

رپورٹ میں شہباز شریف کے سیاسی اور حکومتی کردار جبکہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی عسکری قیادت اور دفاعی معاملات میں اہمیت کو اجاگر کیا گیا ہے۔

تاہم اشاعت کے ٹاپ 50 کے ابتدائی چارٹ میں سعودی قیادت کو پہلی، پاکستانی قیادت کو دوسری اور ترک صدر کو تیسری پوزیشن پر دکھایا گیا ہے، جبکہ خصوصی مضمون اور تصاویر میں پانچوں رہنماؤں کو مشترکہ طور پر پہلے نمبر پر رکھا گیا ہے۔

فہرست میں ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای چوتھے، اردن کے شاہ عبداللہ دوم پانچویں اور قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی چھٹے نمبر پر ہیں۔ پاکستان کے ممتاز عالم دین مفتی محمد تقی عثمانی نے ساتویں پوزیشن حاصل کی ہے۔

دیگر نمایاں شخصیات میں ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم تیرہویں اور انڈونیشیا کے صدر پرابووو سوبیانتو سولہویں نمبر پر شامل ہیں۔ پاکستان سے مولانا طارق جمیل، مولانا نذرالرحمٰن اور مولانا الیاس عطار قادری سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات بھی اس اشاعت کا حصہ ہیں۔

رائل اسلامک اسٹریٹجک اسٹڈیز سینٹر کے مطابق بااثر شخصیات کے انتخاب میں صرف سیاسی یا سرکاری عہدے کو معیار نہیں بنایا جاتا، بلکہ مذہبی، معاشی، علمی، سماجی، ثقافتی اور سیاسی اثرات کا بھی جائزہ لیا جاتا ہے۔ اس مقصد کے لیے ماہرین کی آرا، عوامی تجاویز اور مختلف سماجی اشاریوں کو مدنظر رکھا جاتا ہے۔

’دی مسلم 500‘ میں ابتدائی 50 شخصیات کی باقاعدہ درجہ بندی کی جاتی ہے، جبکہ دیگر شخصیات کو مذہبی علوم، سیاست، تعلیم، سائنس، کاروبار، میڈیا، فلاحی سرگرمیوں، فنون اور کھیل سمیت مختلف شعبوں میں تقسیم کیا جاتا ہے۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version