Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

کراچی میں سیکیورٹی سخت، دہشت گردوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف آپریشنز تیز کرنے کا فیصلہ

شہر میں امن و امان خراب کرنے یا قانون ہاتھ میں لینے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی

 آئی جی سندھ پولیس اور ڈی جی رینجرز سندھ کی زیر صدارت سیکیورٹی اجلاس میں شہر سمیت صوبے بھر میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے مشترکہ کارروائیاں تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ترجمان رینجرز سندھ کے مطابق ہیڈ کوارٹرز پاکستان رینجرز سندھ میں ہونے والے اجلاس میں پولیس، رینجرز، محکمہ داخلہ اور حساس اداروں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں دہشت گردوں اور شرپسند عناصر کے خلاف مشترکہ آپریشنز مؤثر بنانے، شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ سخت کرنے اور حساس تنصیبات کی سیکیورٹی یقینی بنانے پر زور دیا گیا۔

اجلاس میں سرچ اینڈ کومبنگ اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز تیز کرنے کے علاوہ بھتہ خوری، غیر قانونی اسلحے کی ترسیل اور دیگر جرائم کے خلاف کارروائیوں کا لائحہ عمل بھی طے کیا گیا۔ غیر مصدقہ بھتہ خوری کی اطلاعات کی روک تھام پر بھی غور کیا گیا۔

ترجمان کے مطابق شہر میں امن و امان خراب کرنے یا قانون ہاتھ میں لینے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی ہوگی۔

رینجرز نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی مشکوک سرگرمی یا شرپسند عنصر کی اطلاع ہیلپ لائن 1101 یا واٹس ایپ نمبر 03479001111 پر دیں۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version