Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

2022 سے کاروبار حکومت میں پارٹنر، کیا آپ لیکچر یا دھمکی دینے کا حق رکھتے ہیں؟ خواجہ آصف

اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ 2022 سے کاروبار حکومت میں پارٹنر ہیں، نفع آپ کا اور نقصان عوام کا، کیا آپ لیکچر یا دھمکی دینے کا حق رکھتے ہیں۔

خواجہ آصف نے ایکس پر جاری اپنے پیغام میں کہا کہ بلاول صاحب آپ نے سسٹم ری سیٹ کی بات کی، کوئی سسٹم عوامی تائید کے بغیر ری سیٹ نہیں ہو سکتا، سیاست دانوں کا احتساب کوئی نئی بات نہیں، کوئی سیاستدان احتساب سے مبرا نہیں۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی لوگوں کو عوام سے رجوع کرنے کے طریقہ کار کو چور دروازہ نہیں کہنا چاہیے، سیاستدانوں کی اساس عوامی رائے ہے، پارلیمنٹ میں بحث پر کوئی قدغن نہیں۔

وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ سسٹم ری سیٹ پر پارلیمنٹ میں بحث ضرور ہوگی مگر عوام کو بنیادی حق سے محروم نہیں کیا جا سکتا، پارلیمنٹ کے ساتھ عوام کی رائے بھی جان لی جائے تو یہ legitimacy کی معراج ہوگی۔

خواجہ آصف نے کہا کہ بلاول صاحب آپ کے پاس سندھ کی حکومت 18 سال سے ہے، کراچی کی حالت پر دنیا رشک کرتی ہے، 2022 سے کاروبار حکومت میں پارٹنر ہیں، نفع آپ کا اور نقصان عوام کا، جو انصاف کا دعویٰ کرے اس کے ہاتھ صاف ہونے چاہئیں، کیا آپ لیکچر یا دھمکی دینے کا حق رکھتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا مقصد صرف ایک ہے، پاکستان کے عوام کے دن بدلیں اور عام آدمی عزت کی زندگی گزارے، حکمرانوں کی طاقت عوام کی امانت ہے، کسی کی میراث نہیں، حکمرانی کسی کی اجارہ داری نہیں، 25 کروڑ عوام کو یہ حق اللہ نے عطا کیا ہے۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version