Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

لکی مروت میں پولیس کا آپریشن، امن کمیٹی پر حملے میں ملوث 4 دہشت گرد ہلاک

ڈی پی او لکی مروت نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی

لکی مروت میں پولیس اور سی ٹی ڈی نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے بیگو خیل امن کمیٹی کے صدر یونس خان پر حملے میں ملوث 4 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

پولیس ترجمان کے مطابق تھانہ لکی سٹی کی حدود میں دہشت گردوں نے صبح پولیس گاڑی پر فائرنگ کی تھی، جس کے نتیجے میں 4 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے تھے۔ واقعے کے بعد پولیس نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے فرار ہونے والے دہشت گردوں کا تعاقب کیا اور انہیں ہلاک کردیا۔

ڈی پی او سجاد احمد صاحبزادہ کی قیادت میں ہونے والے آپریشن میں پولیس اور سی ٹی ڈی نے حصہ لیا۔ پولیس کے مطابق ہلاک دہشت گرد کالعدم مقامی تنظیم سے تعلق رکھتے تھے اور امن کمیٹی کے اہلکاروں پر حملے میں بھی ملوث تھے۔

ڈی پی او لکی مروت نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔

دوسری جانب آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے کامیاب کارروائی پر لکی مروت پولیس اور سی ٹی ڈی کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کا مکمل خاتمہ وقت کی اہم ضرورت ہے اور علاقائی ترقی کا امن و امان سے گہرا تعلق ہے۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version