ملک میں ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں 0.65 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے بعد سالانہ بنیادوں پر مہنگائی بڑھنے کی شرح 10.41 فیصد کی سطح پر آگئی۔
ادارہ شماریات نے ہفتہ وار مہنگائی سے متعلق رپورٹ جاری کردی جس کے مطابق ایک ہفتے کے دوران 23 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ جبکہ 8 کی قیمتوں میں کمی ہوئی۔
رپورٹ کے مطابق ہفتہ وار بنیادوں پر ٹماٹر کی قیمت میں سب سے زیادہ 30.55 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، پیاز 9.17 فیصد، ایل پی جی 6.46 فیصد، پیٹرول 3.87 فیصد، ڈیزل 2.46 فیصد اور دال مونگ 0.54 فیصد سستی ہوئی۔
دوسری جانب ایک ہفتے کے دوران انڈوں کی قیمت میں 8.84 فیصد، آلو کی قیمت میں 8.07 فیصد اور آٹے کی قیمت میں 4.42 فیصد اضافہ ہوا۔ مرغی 3.01 فیصد، کیلے 1.74 فیصد اور کپڑے کا جارجٹ 1.40 فیصد مہنگا ہوا۔
ادارہ شماریات کے مطابق سالانہ بنیادوں پر ایل پی جی کی قیمت میں 87.99 فیصد، آٹے میں 44.20 فیصد اور بجلی کے سہ ماہی ٹیرف میں 36.30 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اسی طرح ڈیزل 24.84 فیصد، مرغی 24.35 فیصد، پیاز 24.05 فیصد اور پیٹرول 21.35 فیصد مہنگا ہوا۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال کے مقابلے میں آلو 27.13 فیصد، چینی 26.24 فیصد، ٹماٹر 20.86 فیصد، انڈے 16.10 فیصد، نمک 11.03 فیصد اور دال مسور 6.90 فیصد سستی ہوئی۔
