Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ایران جنگ ختم ہونے تک عوام مشکلات میں رہیں گے، بلاول بھٹو نے خبردار کردیا

اس وقت عوام کو ریلیف دینا سب کی ترجیح ہونی چاہیے، چیئرمین پیپلز پارٹی

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے خبردار کیا ہے کہ ایران جنگ کے باعث ملک میں معاشی مشکلات مزید بڑھنے کا خدشہ ہے، جنگ کے خاتمے تک عوام کو مہنگائی اور دیگر مشکلات کا سامنا رہے گا، جبکہ خطے میں فی الحال امن معاہدہ ہوتا دکھائی نہیں دے رہا۔

ویٹ سپورٹ پروگرام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ انہوں نے اپنی زندگی میں اس سے زیادہ مشکل معاشی وقت نہیں دیکھا۔ خطے میں جنگ کے اثرات ہر شہری کو برداشت کرنا پڑ رہے ہیں اور عوام جنگ کا بوجھ اپنے کندھوں پر اٹھا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں حکومتیں معاشی بحران کے دوران عوام کو ریلیف دینے کے لیے منصوبہ بندی کر رہی ہیں، تاہم افسوس ہے کہ پاکستان میں عوامی مسائل پر توجہ دینے کی روایت ختم ہوتی جا رہی ہے۔ موجودہ حالات میں یہ سوچنا ہوگا کہ عوام کو کس طرح ریلیف فراہم کیا جا سکتا ہے۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کی اولین ترجیح عوام کو ریلیف دینا ہے۔ بے نظیر ہاری کارڈ کاشت کاروں اور چھوٹے زمینداروں کی مدد کے لیے بنایا گیا ہے، کیونکہ چھوٹے کاشت کار زرعی شعبے کا تقریباً 90 فیصد حصہ ہیں۔ پارٹی نے ہمیشہ مشکل وقت میں چھوٹے کسانوں کا ساتھ دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں مشکلات مزید بڑھنے اور کھاد کی دستیابی مشکل ہونے کا خدشہ ہے، اس لیے کاشت کاروں کو بے نظیر ہاری کارڈ کے تحت فی ایکڑ 4 ہزار روپے مالی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ پیپلزپارٹی سندھ میں صفر سے 25 ایکڑ تک اپنی زمین خود کاشت کرنے والے چھوٹے کسانوں کی مدد کرنا چاہتی ہے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے تھرپارکر اور عمرکوٹ کو آفت زدہ قرار دینے کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت متاثرہ خاندانوں کو 8 ہزار روپے فراہم کرنے کا اقدام بھی قابل تحسین ہے۔ معاشی بحران میں عوام کی مدد کرنا ہی پیپلزپارٹی کا طریقہ کار ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے سندھ میں اپنی جماعت کی کارکردگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب زدہ علاقوں میں 10 لاکھ گھر تعمیر کرکے دیے گئے، جبکہ صوبے کی معیشت میں 10 لاکھ نوکریاں بھی فراہم کی گئیں۔ صحت کے شعبے میں این آئی سی وی ڈی اور امراض اطفال کے ادارے قائم کیے گئے جہاں عوام کو علاج کی سہولت میسر ہے۔

انہوں نے کہا کہ مہنگائی کے باوجود مفت علاج فراہم کیا جا رہا ہے اور گردے و جگر کے امراض کا علاج بیرون ملک جانے کے بجائے خیرپور اور ڈاؤ اسپتال میں ممکن بنایا گیا ہے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے تمام سیاسی اختلافات اور لڑائیوں کو پس پشت ڈال کر معاشی بحران کا مقابلہ کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت عوام کو ریلیف دینا سب کی ترجیح ہونی چاہیے۔ پیپلزپارٹی عوام کی بہتری اور مشکلات کم کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version