شہر قائد میں مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کی احتجاجی ریلیوں کے پیش نظر پولیس نے شہر بھر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی، ریڈ زون سمیت اہم مقامات پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی جبکہ متعدد شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے متبادل راستوں کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق شہر کے مختلف اضلاع میں امن و امان برقرار رکھنے اور کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ ریڈ زون میں اضافی پولیس اہلکار تعینات کرنے کے ساتھ کراچی پریس کلب اور اطراف میں بھی سیکیورٹی سخت کردی گئی ہے۔
شہر میں جسقم رہنما کمیٹی نے آج احتجاجی ریلی نکالنے کا اعلان کر رکھا ہے، جبکہ سندھ ترقی پسند پارٹی نے 29 نومبر کو ریلی کا اعلان کیا ہے۔ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے بھی 29 نومبر کو ریلی نکالنے کا فیصلہ کیا تھا، تاہم امن و امان کی صورت حال کے پیش نظر اسے مؤخر کردیا گیا۔
پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار شہر کے مختلف حساس مقامات پر تعینات ہیں۔ ممکنہ احتجاج کے پیش نظر ایف ٹی سی پل پر کنٹینرز بھی پہنچا دیے گئے ہیں، جبکہ نمائش چورنگی، شارع قائدین اور گرو مندر کے اطراف سیکیورٹی مزید سخت کردی گئی ہے۔
اس کے علاوہ صدر، ایمپریس مارکیٹ اور شارع فیصل پر بھی پولیس کی اضافی نفری تعینات کی گئی ہے۔
دوسری جانب کراچی ٹریفک پولیس نے احتجاجی مظاہروں کے باعث مختلف علاقوں میں سڑکوں کی بندش اور ٹریفک کی متبادل راستوں پر منتقلی کا ٹریفک ایڈوائزری جاری کردیا ہے۔
ٹریفک پولیس کے مطابق جمعیت علمائے اسلام (ف) کے احتجاج کے باعث گرو مندر جانے والی سڑک بند رہے گی۔ جیل چورنگی سے گرو مندر آنے والی ٹریفک کو پیپلز چورنگی کی جانب موڑا جائے گا، جبکہ لیاقت آباد سے گرو مندر جانے والی گاڑیوں کو تین ہٹی سے پی آئی بی کالونی کی طرف بھیجا جائے گا۔
اسی طرح شارع فیصل پر سی ایس ڈی کے قریب بھی عام ٹریفک کے لیے سڑک بند کردی گئی ہے۔
ٹریفک پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ آمدورفت کے لیے متبادل راستے اختیار کریں اور غیر ضروری پریشانی سے بچنے کے لیے اپنے سفر کی پیشگی منصوبہ بندی کریں۔
