پاکستان خلائی سفر میں نئی منزل حاصل کرنے کے قریب پہنچ گیا، پہلے پاکستانی خلا باز کی چینی خلائی اسٹیشن روانگی کی تیاریاں مکمل ہوگئیں۔
پاکستانی خلاباز محمدذیشان علی چینی خلائی مشن کے لیے منتخب کر لیا گیا ہے چینی خلائی مشن شین ژو 24 پہلے پاکستانی خلا باز محمد ذیشان کو کل لے کر روانہ ہوگا۔
خلائی مشن کو جیوکوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے لانچ کیا جائے گا، پاکستانی وقت کے مطابق صبح 5 بج کر 18 منٹ پر خلائی مشن شین ژو24 روانہ ہوگا، محمد ذیشان علی خلائی مشن میں بطور پے لوڈ سپیشلسٹ ذمہ داریاں انجام دیں گے۔
پاکستانی خلا باز چینی اسٹیشن تیانگونگ پر قدم رکھنے والا پہلا غیر ملکی ہوگا، پاکستانی خلا باز تقریباً ایک ہفتہ خلا میں قیام کے بعد زمین پر واپس آئے گا، سپارکو اور چینی خلائی ایجنسی کے اشتراک سے مشن انجام دیا جائے گا۔
چینی خلا باز تانگ ہونگبو، وویی اور پاکستان خلا باز محمد ذیشان علی خلائی مشن انجام دیں گے، خلائی مشن میں تانگ ہونگبو بطور کمانڈر فرائض انجام دیں گے۔
چین کے انسانی خلائی مشن شین زو24کی روانگی سے قبل میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے چینی خلا باز نے کہا کہ چینی خلائی اسٹیشن خلابازعملے کے لیے نسبتابہتراسٹیشن ہے، کبھی نہیں سوچاتھاکہ خلائی مشن پرروانہ ہونے کاموقع ملے گا مستقبل میں بین الاقوامی خلابازوں کے ساتھ کام کرنے کی خواہش ہے۔
اس موقع پر پاکستانی خلاباز محمد ذیشان علی کا کہنا ہے کہ قوم کی امیدیں ساتھ لے کر خلا میں جا رہا ہوں، خلائی مشن میں صرف میری نہیں پورے پاکستان کی نمائندگی ہوگی، یہ مجھ سمیت پورے پاکستان کیلئے اعزاز کی بات ہے۔
انہوں نے کہا کہ خلائی مرکز کی انتظامیہ اور عملے نے بہترین تربیت فراہم کی، چینی عملے کے ساتھ دوستی اور پیشہ ورانہ تعلقات قائم ہوئے ہیں، پاکستان اور چین کی دوستی سمندروں سے گہری اور ہمالیہ سے اونچی ہے، امید ہے کہ یہ مشن آخری نہیں بلکہ مزید مشترکہ مشن بھی ہوں گے۔
محمد ذیشان کا کہنا تھا کہ چین پاکستان کے تعلقات اور دوستی کو مستقبل میں بڑھتا ہوا دیکھ رہا ہوں، وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ مشن میں ذیشان علی نہیں بلکہ پاکستان جا رہا ہے، وزیراعظم نے کہا کہ پورے پاکستان کی نمائندگی اور فخر تمہارے سر ہے، اپنے چاہنے والوں اور معاونین کا ممنون و مشکور ہوں۔
چینی خلاباز نے مزید کہا کہ پاکستان اور چین کا خلائی تحقیق کے میدان میں مشترکہ خواب ہے، محمد ذیشان نے چینی زبان سیکھنے کے لیے محنت کی جس سے ہمیں باہمی رابطے میں آسانی ہوئی، خلائی مشن ایک ہفتہ خلا میں قیام کے بعد زمین پر واپس آئے گا۔
