Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

کراچی میں عمارت گرنے کے 54 گھنٹے بعد معجزہ، ملبے سے نوجوان زندہ نکال لیا گیا

نوجوان عادل کی حالت مستحکم ہے اور اسے طبی امداد فراہم کی جارہی ہے

کراچی کے ایڈمن سوسائٹی میں منہدم عمارت کے ملبے سے 54 گھنٹے بعد 28 سالہ نوجوان عادل کو زندہ نکال لیا گیا، ریسکیو کیے گئے نوجوان کو جناح اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں اس کی حالت مستحکم ہے۔

جناح اسپتال کے انچارج ایمرجنسی ڈاکٹر عرفان صدیقی کے مطابق نوجوان عادل کی حالت مستحکم ہے اور اسے طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ملبے تلے دبے شخص کے زندہ بچ جانے پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ 54 گھنٹے بعد انسانی جان کا محفوظ رہنا اللہ تعالیٰ کا خاص کرم اور معجزہ ہے، انہوں نے ریسکیو اداروں اور کمشنر کراچی کو امدادی کارروائیاں مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے ہدایت کی کہ ملبے تلے دبے افراد کو بحفاظت نکالنے کے لیے تمام دستیاب وسائل اور جدید مشینری استعمال کی جائے، انہوں نے ریسکیو اہلکاروں کی انتھک محنت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے متاثرہ شخص کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کا حکم دیا۔

مراد علی شاہ نے عمارت گرنے کے واقعے کی مکمل تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ غفلت کے مرتکب افراد کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version