Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

انگلینڈ کو دوسرے ٹیسٹ میں ایک رن سے شکست، نیوزی لینڈ نے تاریخ رقم کردی

نیوزی لینڈ نے انگلینڈ کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں ایک رن سے شکست دے کر تاریخ رقم کردی۔

ویلنگٹن میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔

انگلینڈ نے ہیری بروک (186) اور جو روٹ (ناٹ آؤٹ 153)  کی شاندار سنچریز کی بدولت 8 وکٹوں کے نقصان پر 435 رنز بناکر اننگز ڈکلیئر کردی۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی ٹیسٹ: ابتدائی 30 منٹ میں ہی ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں نیا ریکارڈ قائم

نیوزی لینڈ کی جانب سے میٹ ہینری نے 4، مائیکل بریسویل نے 2 جبکہ ٹم ساؤتھی اور نیل ویگنر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

پہلی اننگز میں نیوزی لینڈ ٹیم 209 رنز پر آل آؤٹ ہوکر فالو آن کا شکار ہوگئی۔کپتان ٹم ساؤتھی 73، ٹام بلنڈل 38، ٹام لیتھم 35 اور ہینری نکلز 30 رنز بناکر نمایاں رہے۔

انگلینڈ کی جانب سے اسٹورٹ براڈ نے 4 جبکہ جیمز اینڈرسن اور جیک لیچ نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں۔

فالو آن کا شکار ہونے والی نیوزی لینڈ ٹیم نے دوسری اننگز میں کین ولیمسن (132) کی سنچری جبکہ ٹام بلنڈل (90) اور ٹام لیتھم (83) کی نصف سنچریز کی بدولت 483 رنز بناکر انگلینڈ کو جیت کے لیے 258 رنز کا ہدف دیا۔

یہ بھی پڑھیں: پنڈی ٹیسٹ میں ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کا ایک اور نیا ریکارڈ قائم

انگلینڈ کی جانب سے جیک لیچ نے 5 جبکہ اولی روبنسن، اسٹورٹ براڈ، جو روٹ اور ہیری بروک نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

انگلینڈ ٹیم ہدف کے تعاقب میں  سر توڑ کوششوں کے باوجود ایک رن سے شکست کھاگئی۔پوری ٹیم 256 رنز بناکر آل آؤٹ ہوگئی۔

جوروٹ 95، بین فوکس 35، کپتان بین اسٹوکس اور بین ڈکٹ 33، 33 رنز بناکر نمایاں رہے۔

نیوزی لینڈ  کی جانب سے نیل ویگنر نے 4، ٹم ساؤتھی نے 3 اور میٹ ہینری نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

واضح رہے کہ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں یہ دوسرا موقع ہے جب کوئی ٹیم ایک رن کے مارجن سے فتحیاب ہوئی ہے جبکہ ٹیسٹ کرکٹ میں چوتھی مرتبہ کوئی ٹیم فالو آن کا شکار ہوکر میچ جیتی ہے۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version