Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

سہ ملکی بابا گرو نانک کبڈی ٹورنامنٹ؛ پاکستان نے ایران کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا

لاہور: واپڈا اسپورٹس کمپلیکس فیروز پور روڈ لاہور میں سہ ملکی بابا گرو نانک کبڈی ٹورنامنٹ کا شاندار اختتام ہوا جس میں پاکستان، بھارت اور ایران کی قومی کبڈی ٹیموں نے حصہ لیا۔

فائنل میچ میں پاکستان کی کبڈی ٹیم نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایران کی ٹیم کو شکست دے دی اور ٹورنامنٹ کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔

پاکستان کبڈی فیڈریشن کے صدر اور صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین فائنل میچ کے مہمانِ خصوصی تھے۔ انہوں نے جیتنے والی ٹیم کے کپتان کو ٹرافی پیش کی۔

ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی دکھانے والی ٹیموں کے لیے انعامات کا بھی اعلان کیا گیا۔ فاتح ٹیم کو 20 لاکھ روپے، رنر اپ ٹیم کو 15 لاکھ روپے جب کہ تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم کو 10 لاکھ روپے انعام دیا گیا۔

اس موقع پر چوہدری شافع حسین نے کہا کہ پاکستان کبڈی فیڈریشن نے سہ ملکی کبڈی ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد کو ممکن بنایا۔ اُنہوں نے اعلان کیا کہ مستقبل میں کبڈی کا ورلڈکپ بھی منعقد کیا جائے گا جس کی میزبانی ممکنہ طور پر دبئی کرے گا۔

انہوں نے بھارت اور ایران کی کبڈی ٹیموں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ٹورنامنٹ میں شرکت کی جب کہ بھارتی ٹیم کے کچھ کھلاڑیوں کو انجری ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی ٹیم کو دوبارہ مدعو کیا جائے گا۔

چوہدری شافع حسین نے اپنے والد چوہدری ظہور الٰہی شہید کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے پہلی بار اپنے ذاتی خرچ پر کبڈی ٹیم کو کینیڈا بھیجا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ خود جب کبڈی فیڈریشن کے صدر بنے تو پاکستان میں ورلڈکپ منعقد کرایا گیا جس میں پاکستان کی ٹیم فاتح رہی۔

انہوں نے بتایا کہ جلد ہی قومی کبڈی ٹیم کو کینیڈا روانہ کیا جائے گا، جہاں وہ بین الاقوامی ایونٹ میں شرکت کرے گی۔

چوہدری شافع حسین نے کہا کہ کھیلوں کے میدان آباد کرنے سے نہ صرف نوجوانوں میں جذبہ پیدا ہوتا ہے بلکہ بین الاقوامی ہم آہنگی اور دوستی کو بھی فروغ ملتا ہے۔

انہوں نے کبڈی کو پاکستان کی ثقافتی پہچان قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کھیل کے فروغ کے لیے جامع اقدامات کیے جا رہے ہیں اور آئندہ بھی قومی و بین الاقوامی کبڈی مقابلے منعقد کروائے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سہ ملکی کبڈی ٹورنامنٹ پاکستان، ایران اور بھارت کے درمیان دوستی، بھائی چارے اور امن کے فروغ کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

اس موقع پر ایرانی قونصل جنرل مہران مواحد فر، پاکستان کبڈی فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل رانا محمد سرور اور فیڈریشن کے دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version