لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے ابھرتے ہوئے نوجوان بیٹر حسن نواز نے سال 2025 میں ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں مڈل آرڈر بیٹنگ کے دوران دھواں دار کارکردگی دکھاتے ہوئے کئی بڑے نامور بلے بازوں کو پیچھے چھوڑ دیا۔
صرف 22 سال کی عمر میں حسن نواز نے 8 اننگز میں 400 رنز اسکور کیے ہیں، ان کا بیٹنگ اوسط 80 اور اسٹرائیک ریٹ 173.16 رہا۔
ان شاندار اننگز میں ایک سنچری اور تین نصف سنچریاں شامل ہیں۔ انہوں نے رواں سال اب تک29 چھکے اور 20 چوکے جڑے ہیں۔
چھکوں کے اس مقابلے میں حسن نواز نے جنوبی افریقا کے ہینرک کلاسن جیسے تجربہ کار بیٹر کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
وہ سال 2025 میں چوتھی سے ساتویں پوزیشن پر بیٹنگ کرنے والے بلے بازوں میں سب سے زیادہ چھکے لگانے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں تیسرے نمبر پر آگئے ہیں۔
موجودہ سال میں مڈل آرڈر میں سب سے زیادہ چھکے لگانے کا اعزاز پاکستانی بیٹر خوشدل شاہ کے پاس ہے، جنہوں نے 21 اننگز میں 38 چھکے مارے ہیں۔
دوسرے نمبر پر جنوبی افریقا کے ڈیوالڈ بریوس ہیں جن کے 14 اننگز میں 37 چھکے ہیں جب کہ حسن نواز 8 اننگز میں 29 چھکوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔
اس فہرست میں چوتھا نمبر ہینرک کلاسن (18 چھکے) اور ویسٹ انڈیز کے شرفین ردرفورڈ (19 چھکے) کے پاس ہے، جنہوں نے 27، 27 چھکے جڑے ہیں۔
واضح رہے کہ حسن نواز کی یہ کارکردگی نہ صرف ان کے مستقبل کی کامیابیوں کی نوید ہے بلکہ قومی ٹیم کے لیے مڈل آرڈر میں ایک مضبوط اور خطرناک ہتھیار کی حیثیت رکھتی ہے۔
