انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے قوانین میں بڑی تبدیلیاں کرتے ہوئے پاور پلے، کنکشن متبادل اور گیند کے ضابطے اپ ڈیٹ کردیے۔
آئی سی سی نے مردوں کے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز کے لیے کھیل کے قوانین میں اہم تبدیلیوں کا اعلان کر دیا ہے جن میں پاور پلے اوورز کے نئے فارمولے، کنکشن متبادل کی وضاحت اور گیند کی حالت سے متعلق سخت ضابطے شامل ہیں۔ یہ نئے قوانین 10 جولائی 2025 سے نافذ ہوں گے۔
اب مختصر اوورز کے میچز میں پاور پلے اوورز کو پورے اوورز کی بجائے قریبی گیند کی بنیاد پر گنا جائے گا تاکہ یہ 20 اوورز کے میچ میں مقررہ 30 فیصد اننگز کے اصول کے مطابق ہوں۔
مثلاً پانچ اوورز کی اننگز میں پاور پلے اب 1 اوور اور 3 گیندوں تک رہے گا جب کہ پہلے اسے 2 پورے اوورز گنا جاتا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: مینز کرکٹ کے تینوں فارمیٹس کے قوانین میں اہم تبدیلیاں
اسی طرح دیگر تبدیلیوں میں کنکشن متبادل کے لیے ٹیموں کو میچ سے پہلے پانچ مخصوص متبادل کھلاڑی (ایک بلے باز، ایک وکٹ کیپر، ایک آل راؤنڈر، ایک اسپنر اور ایک فاسٹ بولر) نامزد کرنا ہوں گے تاکہ شفافیت برقرار رہے۔
اس کے علاوہ گیند کی حالت تبدیل کرنے کی کوشش پر سخت کارروائی کا عندیہ بھی دیا گیا ہے۔
یہ قوانین فی الحال صرف مردوں کے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز پر لاگو ہوں گے جب کہ خواتین کے لیے نظر ثانی شدہ قوانین اکتوبر 2025 میں جاری ہوں گے۔
