پاکستان نے بارش سے متاثرہ ایشین گیمز ویمنز کرکٹ کے کوارٹر فائنل میں تھائی لینڈ کو 3 وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔
کوروگی اسپورٹس پارک میں کھیلے گئے میچ میں مسلسل بارش کے باعث مقابلہ 11، 11 اوورز تک محدود کردیا گیا، جبکہ خراب موسم کے باعث ٹاس بھی تاخیر کا شکار ہوا۔
پاکستان نے ٹاس جیت کر تھائی لینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، جس نے مقررہ 11 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 91 رنز بنائے۔
تھائی لینڈ کی وکٹ کیپر بیٹر نان پات کونچارونکائی نے شاندار مزاحمت کرتے ہوئے 38 گیندوں پر 49 رنز کی اننگز کھیلی۔ ان کی اننگز میں 7 چوکے شامل تھے۔
فانیتا مایا نے 16 گیندوں پر 15 رنز بنائے، جبکہ کپتان نارومول چائیوائی نے صرف 3 گیندوں پر 10 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی، جس میں ایک چوکا اور ایک چھکا شامل تھا۔
نتھاکان چنتھام نے 5 گیندوں پر 6، چانیدا ستھیرونگ نے ناقابل شکست 3 اور افیسارا سوانچون راتھی نے ایک رن بنایا۔
پاکستان کی جانب سے کپتان فاطمہ ثنا نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 3 اوورز میں 22 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ بائیں ہاتھ کی اسپنر نشرہ سندھو نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
92 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کو آخری اوور تک سخت مقابلے کا سامنا کرنا پڑا، تاہم گرین شرٹس نے 11 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کرلیا۔
شوال ذوالفقار نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 14 گیندوں پر 25 رنز بنائے، ان کی اننگز میں 3 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔
کپتان فاطمہ ثنا نے بھی بیٹنگ میں اہم کردار ادا کیا اور 13 گیندوں پر 21 رنز بنائے، جس میں 3 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔
گل فیروزہ نے 13 گیندوں پر 16 رنز بنائے جبکہ توبا حسن نے صرف 7 گیندوں پر 13 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی، جس میں ایک چوکا اور ایک چھکا شامل تھا۔
پاکستان کو فتح دلانے والا رن امِ ہانی نے بنایا اور یوں پاکستان نے تھائی لینڈ کو 3 وکٹوں سے شکست دے کر ایشین گیمز ویمنز کرکٹ کے سیمی فائنل میں اپنی جگہ پکی کرلی۔
