Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستان میں عالمی ہاکی کی واپسی، 6 ماہ میں کئی غیرملکی ٹیموں کی میزبانی کرے گا

پاکستان آئندہ سال دسمبر میں 10 ملکی بین الاقوامی ہاکی ایونٹ کی میزبانی کا منصوبہ بھی رکھتا ہے

پاکستان ہاکی فیڈریشن نے آئندہ چھ ماہ کے دوران ملک میں متعدد بین الاقوامی ہاکی سرگرمیوں کی میزبانی کا اعلان کردیا جس کے تحت کئی غیرملکی ٹیمیں پاکستان کا دورہ کریں گی۔

پی ایچ ایف کے صدر محی الدین احمد وانی نے نجی نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ کوریا کے بعد چینی ہاکی ٹیم نومبر 2026 میں پاکستان آئے گی، جبکہ چین کے دورے کے بعد کینیڈین ٹیم بھی پاکستان کا رخ کرے گی۔ ان کے مطابق تین یورپی ٹیمیں بھی پاکستان آنے کے لیے تیار ہیں۔

محی الدین وانی کا کہنا تھا کہ غیرملکی ٹیموں کی پاکستان آمد سے ملک میں ہاکی کی سرگرمیوں کو فروغ دینے اور کھیل کی بحالی میں مدد ملے گی۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان آئندہ سال دسمبر میں 10 ملکی بین الاقوامی ہاکی ایونٹ کی میزبانی کا منصوبہ بھی رکھتا ہے جبکہ ملک میں ہاکی لیگ کے انعقاد کی بھی تیاری کی جارہی ہے۔

ایشیئن ہاکی چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے پی ایچ ایف صدر نے کہا کہ ٹورنامنٹ کو بھارت سے کسی غیرجانبدار مقام پر منتقل کرنے کا اختیار ایشین ہاکی فیڈریشن کے پاس ہے۔ پاکستان پہلے ہی اے ایچ ایف سے ایونٹ نیوٹرل وینیو پر منتقل کرنے کی درخواست کرچکا ہے، تاہم تاحال فیصلہ سامنے نہیں آیا۔

محی الدین وانی نے کہا کہ پی ایچ ایف متعلقہ قوانین اور ضوابط سے آگاہ ہے اور اس معاملے پر اپنا مؤقف واضح کرچکی ہے۔ ان کے مطابق بین الاقوامی ہاکی معاملات میں پاکستان کی قومی عزت اور وقار فیڈریشن کی اولین ترجیح ہے۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version