شادی کے حوالے سے ہر شخص کا نظریہ مختلف ہوتا ہے کیونکہ کسی کی نظر میں شادی جلد کرنا بہتر ہے تو کسی کی نظر میں عمر کی کوئی حد مقرر نہیں۔
لیکن اس حوالے سے تحقیقات کیا کہتی ہیں آج ہم آپ کو بتائیں گے۔
تحقیقی رپورٹس کے مطابق شادی کے لیے بہترین وقت کا انحصار متعدد عناصر پر ہوتا ہے اور بہترین عمر ہر فرد کے لیے مختلف ہوسکتی ہے۔
25 سال
ہارورڈ یونیورسٹی کی ایک تحقیق کے مطابق مردوں کے لیے 25 سال کی عمر میں شادی کرنا بہترین ہوتا ہے کیونکہ مردوں کی شادی کا دورانیہ جتنا طویل ہوگا، ان کی زندگی کی مدت بھی اتنی طویل ہوگی۔
تحقیق میں بتایا گیا کہ تنہا رہنے والے مردوں کی جلد موت کا امکان شادی شدہ مردوں کے مقابلے میں زیادہ ہوتا ہے۔
26 سال
2016 میں ایک کتاب الگورتھمز آف لیو بائی دی کمپیوٹر سائنس آف ہیومین میں ریاضیاتی ماڈل کو مدنظر رکھ کر بتایا گیا کہ 26 سال کی عمر شادی کے لیے بہترین ہے۔
اس کتاب کے مطابق اگر آپ 26 سال سے کم عمر یا زیادہ عمر کے ہیں تو شادی کے بعد جھگڑوں کا امکان زیادہ ہوتا ہے۔
کتاب میں بتایا گیا کہ شادی کرنے میں جتنی زیادہ تاخیر کریں گے، شریک حیات کا انتخاب اتنا مشکل ہوگا۔
28 سال
امریکا کے نیشنل سروے آف فیملی گروتھ کے مطابق اگر شریک حیات سے زندگی بھر کا تعلق چاہتے ہیں تو 28 سے 32 سال کی عمر میں شادی کرنے پر طلاق کا خطرہ سب سے زیادہ کم ہوتا ہے۔
30 سال
پرتگال کی کویمبرا یونیورسٹی کی ایک تحقیق میں بتایا گیا کہ 30 سال کی عمر تک شادی خواتین کے لیے بہترین ہے۔
اس تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ 30 سال کے بعد ماں بننے والی خواتین کی زندگی کی مدت طویل ہوتی ہے۔
32 سال
امریکن کالج آف Obstetricians and Gynecologists کی ایک تحقیق میں 32 سال کی عمر سے قبل شادی کرنے کا مشورہ دیا گیا۔
اس تحقیق میں کہا گیا کہ شادی کے بعد بچوں کو چاہتے ہیں تو 32 سال کی عمر تک شادی کرلیں کیونکہ اس کے بعد ہر گزرتے برس کے ساتھ اولاد کی پیدائش کا امکان کم ہونے لگتا ہے۔
