محکمہ موسمیات نے بارشوں کے نئے اسپیل سے متعلق اہم پیشگوئی کر دی ہے۔
اس حوالے سے چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ 25 اپریل سے برسات کا ایک اور سلسلہ پاکستان میں داخل ہوگا، یہ سلسلہ بلوچستان کے راستے پاکستان میں داخل ہونے کا امکان ہے۔
انہوں نے کہا کہ نئے سسٹم کے تحت کراچی میں برسات کے فی الحال امکانات دکھائی نہیں دے رہے، کراچی سے بارش برسانے والا سسٹم نکل گیا ہے اور اب برسات کا کوئی امکان نہیں، شہر میں گرمی کی شدت میں اضافہ ہوگا۔
سردار سرفراز نے کہا کہ 25 سے29 اپریل تک بلوچستان، کےپی، جی بی ،کشمیرکے چند مقامات پر بادل برسنے اور ژالہ باری کا امکان ہے۔
دوسری جانب ترجمان این ڈی ایم اے نے پی ڈی ایم ایز اور دیگر اداروں کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی ہے۔
