Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

سندھ میں ہیٹ ویو کا الرٹ جاری

آج سے 3 مئی تک ہیٹ ویو کی صورتحال متوقع ہے، ڈی جی پی ڈی ایم اے

کراچی: صوبے بھر میں درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری زیادہ رہنے کا امکان ہے جس کے باعث پی ڈی ایم اے سندھ کی جانب سے ہیٹ ویو کا الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے سلمان شاہ کا کہنا ہے کہ محکمہ موسمیات کے مطابق آج سے 3 مئی تک ہیٹ ویو کی صورتحال متوقع ہے۔ جامشورو، دادو، شہید بینظیر آباد، کشمور، گھوٹکی اور سانگھڑ گرمی کے لپیٹ میں آسکتے ہیں۔

سلمان شاہ نے بتایا کہ خیرپور، نوشہرو فیروز، جیکب آباد، لاڑکانہ اور سکھر سمیت مختلف اضلاع میں دن کے وقت درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہ سکتا ہے۔

سلمان شاہ کہتے ہیں کہ مشیر برائے بحالی گیانچند ایسرانی کی ہدایات پر ہیٹ ویو ایس او پیز تمام متعلقہ اداروں کو بھیج دی گئی ہیں جب کہ متعلقہ اداروں کے ساتھ اجلاس میں پیشگی اقدامات، ہاٹ اسپاٹس کی نشاندہی پر تفصیلی غور کیا گیا ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ ادارے آگاہی مہم، کولنگ کیمپس کے قیام، پانی، او آر ایس کی فراہمی، ہنگامی طبی امداد سے متعلق اپنی تیاری مکمل رکھیں۔ عوام، خصوصاً بچے، خواتین اور بزرگ غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں اور پانی کا زیادہ استعمال کریں۔

سلمان شاہ کا مزید کہنا تھا کہ کسان فصلوں کی کٹائی کے دوران موسمی حالات کو مدنظر رکھیں اور مویشیوں کی حفاظت یقینی بنائیں۔