Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

کہیں موسم خشک اور گرم تو کہیں تیز ہوائیں اور بارش؛ اہم پیش گوئی سامنے آگئی

سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کی توقع ہے

اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ آج ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا جبکہ پہاڑی علاقوں میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج شام اور رات کے اوقات میں بالائی و زیریں خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں چند مقامات پر تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

اسلام آباد اور گردونواح میں دن کے دوران موسم گرم اور خشک رہے گا تاہم رات کے وقت مطلع جزوی ابر آلود رہنے، آندھی چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

مری، گلیات اور گردونواح میں دن کے اوقات میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے جبکہ شام اور رات میں مطلع جزوی ابر آلود رہ سکتا ہے، ان علاقوں میں رات کے وقت تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق رات کے اوقات میں اٹک، میانوالی، راولپنڈی اور گردونواح میں بھی آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔

خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں بشمول کوہستان، سوات، باجوڑ، کالام، چترال، دیر، بونیر، پشاور، کوہاٹ، نوشہرہ، ایبٹ آباد، مالاکنڈ، پاڑہ چنار، کرم اور وزیرستان میں چند مقامات پر بارش اور تیز ہواؤں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

دوسری جانب سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کی توقع ہے جب کہ بالائی سندھ میں شدید گرمی برقرار رہ سکتی ہے۔

بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں بھی آج موسم گرم اور خشک رہے گا تاہم دوپہر کے بعد شمالی اضلاع میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔