Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

کل سے پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارش کی پیشگوئی

پی ڈی ایم اے نے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

لاہور: پی ڈی ایم اے پنجاب نے 6 اور 7 اکتوبر کو صوبے کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کی پیش گوئی کے پیش نظر صوبہ بھر میں الرٹ جاری کردیا ہے جب کہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد اور وزیرآباد میں بارش کا امکان ہے۔

لاہور، قصور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، میانوالی، خوشاب، سرگودھا، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور فیصل آباد میں بھی بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے سیف انور جپہ نے مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت کے مطابق صوبے کے تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو بھی الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔

سیف انور جپہ کے مطابق محکمہ صحت، آبپاشی، تعمیر و مواصلات، لوکل گورنمنٹ اور لائیو اسٹاک سمیت متعلقہ محکموں کو بھی الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔

پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ خراب موسم کی صورتحال میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور بوسیدہ یا کچے مکانات میں رہائش اختیار کرنے سے گریز کریں۔

محکمے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ آندھی اور طوفان کی صورت میں محفوظ مقامات پر رہیں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق شہری آسمانی بجلی سے بچاؤ کے لیے محفوظ مقامات پر رہیں اور گرج چمک اور طوفانی موسم کے دوران کھلے آسمان تلے جانے سے گریز کریں۔

والدین کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ بچوں کا خصوصی خیال رکھیں اور انہیں نشیبی علاقوں میں جمع پانی، بجلی کی تاروں اور کھمبوں کے قریب ہرگز نہ جانے دیں۔

پی ڈی ایم اے نے مزید کہا ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں شہری فوری طور پر پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔