Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

کینیڈا میں سکھوں کا قتل عام نہ رک سکا، مزید 2 سکھ قتل

ٹورنٹو: کینیڈا میں سکھ برادری کے ایک اور رکن اور ان کے 11 سالہ بیٹے کو قتل کردیا گیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق کینیڈا کے شہر ایڈمنٹن میں 41 سالہ ہرپریت سنگھ اپال اور ان کے بیٹے کو جمعرات کو ایک شاپنگ پلازہ کے باہر گاڑی میں دن دیہاڑے گولیاں مار کر ہلاک کردیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق باپ اور بیٹا زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی دم توڑ گئے ہیں جب کہ گاڑی میں سوار ایک اور لڑکا محفوظ رہا ہے۔

کینیڈا میں سکھ برادری کے ارکان نے بھارت پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ہرپریت سنگھ اپال اور ان کے بیٹے کے قتل میں بھارتی حکومت کے ایجنٹ ملوث ہوسکتے ہیں۔

خیال رہے کہ کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے رواں سال ستمبر میں خالصتان تحریک کے سرکردہ رہنما ہردیپ سنگھ نجرکے قتل میں بھارتی حکومت کے ایجنٹوں کے ملوث ہونے کا انکشاف کیا تھا جس کے بعد سے ہی دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات انتہائی کشیدہ ہیں۔

واضح رہے کہ ہردیپ سنگھ نجر کو رواں سال 18 جون کو برٹش کولمبیا کے شہر سرے میں ایک گوردوارے کے باہر گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا تھا۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version