لندن: برطانیہ کے مختلف علاقوں میں موسم سرما کی پہلی برفباری کا آغاز ہوگیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق برطانیہ میں موسم سرما کی پہلی برفباری کا آغاز ہوگیا ہے جب کہ شمالی برطانیہ نے سفید چادر اوڑھ لی ہے۔
سردی کی شدت میں شدید اضافے کے بعد محکمہ موسمیات نے یلو وارننگ جاری کردی ہے، شمالی برطانیہ میں سردی کی شدت میں اضافے کے بعد درجہ حرات نقطہ انجماد سے نیچے گرگیا ہے۔
برفباری کا سلسلہ آئندہ دوروز تک جاری رہنے کا امکان ہے، بریڈفورڈ میں تعلیمی ادارے بند کر دیے گئے ہیں اور ٹرین سروس کے متعدد روٹس بھی معطل ہیں۔
محکمہ موسمیات نے خراب موسم کا انتباہ جاری کردیا ہے، رواں ہفتے میں مزید برفباری کی پیش گوئی کی گئی ہے جب کہ صبح اور شام کے اوقات میں سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر پھسلن کا خطرہ ہے۔
پولیس اور محکمہ موسمیات نے ڈرائیوز کو غیر ضروری سفر سے اجتناب کرنے کی ہدایات جاری کردیں ہیں، پیدل چلنے والے افراد کو بھی محتاط رہنے کی ہدایات کی گئیں ہیں۔
دوسری جانب برفباری اور شدید سردی سے یارک شائر، اسٹیفورڈشائر، ڈربی شائر سمیت ویلز اور اسکاٹ لینڈ کے علاقے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔
شمالی اسکاٹ لینڈ، شمالی انگلینڈ اور شمالی آئرلینڈ کے کچھ حصوں، مڈلینڈز اور شمال مشرقی ویلز میں یلو وارننگ جاری کردی گئی ہے۔
