جاوا سی میں 243 افراد کو لے جانے والا مسافر بردار جہاز الٹنے کے باعث 6 افراد جاں بحق جبکہ 140 لاپتا ہوگئے۔
ریاستی خبر رساں ادارے انٹارا کے مطابق امدادی ٹیموں نے 97 افراد کو زندہ بچا لیا جبکہ 6 افراد کی لاشیں بھی سمندر سے نکال لی گئی ہیں۔ واقعے کے بعد 140 افراد تاحال لاپتا ہیں اور ان کی تلاش جاری ہے۔
بنجرماسن سرچ اینڈ ریسکیو آفس کے سربراہ آئی پوٹو سودایانا کے مطابق ہنگامی صورتحال کی اطلاع ملنے پر قریب موجود 3 تجارتی بحری جہازوں نے فوری ردعمل دیا اور متعدد مسافروں کو تلاش کرکے ریسکیو کیا۔
ویرگو ٹرانسپورٹ 8 نامی جہاز مشرقی جاوا کے شہر سورابایا سے جنوبی کلیمانتن کے بنجرماسن جا رہا تھا کہ ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب تقریباً 2 بجے اس سے رابطہ منقطع ہوگیا۔
سودایانا کے مطابق سرچ اینڈ ریسکیو آفس کو تقریباً 2 گھنٹے بعد ہنگامی اطلاع موصول ہوئی، جس کے بعد مشترکہ امدادی ٹیم فوری طور پر جائے حادثہ کی جانب روانہ کردی گئی۔
حکام کے مطابق جاوا سی میں خراب موسم کے باعث جہاز کو حادثہ پیش آیا۔ حادثے کی جگہ بنجرماسن کے باسیریح سرچ اینڈ ریسکیو ڈاک سے تقریباً 80 بحری میل، یعنی 92 میل دور ہے۔
حکام کے مطابق جہاز پر مجموعی طور پر 243 افراد سوار تھے، جن میں 30 عملے کے ارکان، 27 دیگر اہلکار، 60 مسافر اور 126 ڈرائیورز و معاونین شامل تھے۔ جہاز میں 89 گاڑیاں بھی موجود تھیں۔
ریسکیو آپریشن جاری ہے جبکہ لاپتا افراد کی تلاش کے لیے امدادی ٹیمیں سمندر میں کارروائیاں کر رہی ہیں۔
