امریکا میں مواصلاتی نظام میں خرابی کے باعث ہزاروں پروازیں متاثر ہونے کے بعد فضائی آپریشنز بحال ہونا شروع ہوگئے۔ ملک بھر میں تقریباً ساڑھے چار گھنٹے تک فضائی آمدورفت معطل رہی جس کے نتیجے میں 13 ہزار سے زائد پروازیں متاثر ہوئیں جبکہ دنیا بھر میں 26 ہزار سے زیادہ پروازوں کے شیڈول میں خلل پڑا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فاکس نیوز کے صحافی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ابتدائی شواہد سے معاملہ سائبر حملے یا مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے متعلق معلوم نہیں ہوتا۔ ایسے واقعات میں حکام سب سے پہلے سائبر حملے کے امکان کا جائزہ لیتے ہیں۔
صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ فضائی نظام میں خرابی کی بنیادی وجہ فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے) کا فرسودہ انفراسٹرکچر ہے جس کا کچھ سامان 50 سال سے بھی زیادہ پرانا ہے۔
امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن نے ملک بھر میں پروازوں کی روانگی پر عائد پابندی ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے فضائی آپریشنز مرحلہ وار بحال کرنے کا عمل شروع کر دیا ہے۔
فضائی آمدورفت ساڑھے چار گھنٹے معطل رہنے کے باعث 15 لاکھ سے زائد مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جبکہ ایئرپورٹس پر طیاروں کی پارکنگ کے لیے بھی جگہ کم پڑ گئی۔
امریکی سیکرٹری ہوم لینڈ سیکیورٹی نے واضح کیا ہے کہ اس واقعے کا مائیکروسافٹ سے کوئی تعلق نہیں اور نہ ہی سائبر حملے کے شواہد سامنے آئے ہیں، صورتحال بہتری کی جانب گامزن ہے اور گراؤنڈ اسٹاپ کے دوران تمام ٹیلی کام اور ریڈار سروسز مکمل طور پر بند نہیں ہوئیں۔
اس سے قبل امریکی وزیر ٹرانسپورٹ نے بتایا تھا کہ احتیاطی اقدام کے طور پر ملک بھر کی پروازوں کو گراؤنڈ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ فضائی آپریشنز کی معطلی کی بنیادی وجہ مواصلاتی نظام میں پیدا ہونے والی تکنیکی خرابی تھی۔
امریکی حکام کا کہنا ہے کہ اب تک مواصلاتی نظام میں خرابی کے پیچھے کسی سائبر حملے کا ثبوت نہیں ملا۔ حکام نے شہریوں کو یقین دہانی کرائی ہے کہ گھبرانے کی ضرورت نہیں اور متاثرہ نظام کو مکمل طور پر بحال کرنے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔
حکام کے مطابق نائن الیون حملوں کے بعد یہ دوسرا موقع ہے جب امریکا میں ملک گیر سطح پر پروازوں کی روانگی روکنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس سے قبل جنوری 2023 میں بھی تکنیکی خرابی کے باعث امریکا کی تمام اندرون ملک پروازیں دو گھنٹے سے کم وقت کے لیے معطل ہوئی تھیں۔
دوسری جانب امریکی کانگریس نے گزشتہ سال فضائی مواصلاتی نظام کو جدید بنانے کے لیے 12 ارب 50 کروڑ ڈالر کی رقم منظور کی تھی۔ امریکی وزیر ہوم لینڈ سیکیورٹی کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے موجودہ صورتحال سے نمٹنے کی ذمہ داری خود سنبھال لی ہے۔
حکام نے واضح کیا ہے کہ موجودہ واقعے کا نائن الیون جیسے کسی حملے سے کوئی تعلق نہیں بلکہ یہ مواصلاتی نظام میں تکنیکی خرابی کا نتیجہ ہے۔ متاثرہ نظام کی مکمل بحالی اور فضائی آپریشنز کو معمول پر لانے کے لیے کام جاری ہے۔
