جنوب مشرقی بلغاریہ کی ٹریکیا موٹروے پر شدید دھند کے باعث درجنوں گاڑیاں اور ٹرک آپس میں ٹکرا گئے، دو بڑے ٹریفک حادثات میں کم از کم 11 افراد ہلاک اور 46 زخمی ہوگئے۔
غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق حادثات میں 70 سے زائد گاڑیاں شامل تھیں۔ پہلا حادثہ زیمِنِتسا شہر کے قریب موٹروے کی مشرقی سمت میں پیش آیا، جہاں 10 افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ ایک زخمی نے اسپتال میں دوران علاج جان کی بازی ہاری۔
حکام کے مطابق شدید دھند کے باعث حدِ نگاہ انتہائی کم تھی، جس سے ڈرائیوروں کو سڑک پر موجود گاڑیاں نظر نہ آسکیں۔ بعد ازاں مخالف سمت میں بھی گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں، جہاں پہلے حادثے کو دیکھنے والے ڈرائیوروں کی توجہ بٹنے کو بھی دوسرے حادثے کی ممکنہ وجہ قرار دیا گیا ہے۔
بلغاریہ کے حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کے وقت سڑک گیلی تھی اور گاڑیوں کی رفتار بھی موسمی حالات کے مطابق نہیں تھی۔ امدادی ٹیموں نے گاڑیوں میں پھنسے افراد کو نکالنے کے لیے حفاظتی رکاوٹوں کے کچھ حصے کاٹے، جبکہ دھند کے باعث ہیلی کاپٹرز کے ذریعے امدادی کارروائیاں ممکن نہ ہوسکیں۔
زخمیوں کو یامبول، سلیون اور برگاس کے اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا، جبکہ حادثے کے بعد موٹروے کو ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا۔
حادثے کے عینی شاہدین کے مطابق دھند اتنی شدید تھی کہ ڈرائیوروں کو سامنے موجود گاڑیاں دکھائی نہیں دے رہی تھیں۔ ایک شہری نے جلتی ہوئی گاڑی سے ایک شخص کو نکالنے میں مدد دی۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر بلغاریہ کے وزیراعظم رومین رادیف نے یورپی کمیشن کی صدر ارسولا وان ڈیر لیین کے ساتھ جاری پریس کانفرنس مختصر کردی۔
