کیا آپ دنیا میں بس کے طویل ترین سفر کا دورانیہ جانتے ہیں؟ اگر نہیں تو آج ہم آپ کو بتائیں گے۔
حال ہی میں ایک سیاحتی کمپنی کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ بس میں 56 دن کا طویل سفر ہو گا جو استنبول سے شروع ہوکر لندن پر ختم ہوگا، اس سفر کو دنیا کا طویل ترین بس سفر قرار دیا گیا ہے۔
مجموعی طور پر یہ 12 ہزار کلومیٹر طویل سفر ہوگا جس کا حصہ بننے کے لیے 24 ہزار 300 ڈالرز خرچ کرنا ہوں گے۔
یہ سفر 22 ممالک پر مشتمل ہوگا جو ترکیہ سے شروع ہوکر بلقان، مشرقی یورپ، شمالی اور مغربی یورپی ممالک سے گزرتے ہوئے برطانیہ کے دارالحکومت پر اختتام پذیر ہوگا۔
اس سفر کے دوران لوگوں کو خلیج فن لینڈ میں ایک بحری جہاز میں گھومنے کا موقع فراہم کیا جائے گا، جبکہ یورپ کے سب سے شمالی کونے کی سیر بھی کرائی جائے گی۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ طویل فاصلے کے آرام دہ سفر کے لیے خصوصی لگژری بس ڈیزائن کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ اس سفر کا آغاز اگست 2023 میں ہوگا اور 30 افراد اس کا حصہ بنیں گے۔




















