وفاقی ٹیکس محتسب کی جانب سے جاری کی گئی سالانہ رپورٹ کے مطابق سال 2023 کے دوران 8 ہزار 76 شکایات ٹیکس محتسب میں درج کرائی گئیں، ایک سال کے دوران 7 ہزار 889 شکایات پر فیصلہ کیا گیا۔
وفاقی ٹیکس محتسب کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ سال 2023 کے دوران 5 ہزار 366 فیصلوں پر عملدرآمد کرایا گیا، ایک سال کے دوران 5 ہزار 704 شکایات پر عملدرآمد ہونا باقی ہے جب کہ ایک سال کے دوران فیصلوں پر عملدرآمد کی شرح 94 فیصد سے زائد رہی۔
رپورٹ کے مطابق سال 2022 میں 5 ہزار 752 شکایات ٹیکس محتسب میں رجسٹرڈ ہوئیں تھیں، گزشتہ سال فیصلوں پر عملدرآمد کی شرح 73 اعشاریہ 29 فیصد تھی، وفاقی ٹیکس محتسب آفس میں ٹیکس سے متعلق معلومات کیلئے 60 ہزار کالز موصول ہوئیں، ایف ٹی او کے وٹس ایپ پر 80 ہزار سے کالز موصول ہوئیں۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ صدر مملکت نے ایف ٹی او کے 86 فیصد سے زائد فیصلوں کو برقرار رکھا، ایف بی آر کی جانب سے ایف ٹی او کی سفارشات پر مثبت ردعمل ہے، سالہا سال سے وئیر ہاؤسز میں کھڑی نان کسٹم گاڑیوں کی نیلامی کا حکم جاری کیا گیا، ایف ٹی او کی سفارشات پر تنخواہ دار اور پینشنرز کیلئے ٹیکس ادائیگی کو آسان کیا گیا۔




















