وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ جون 2025 میں زرمبادلہ کے سرکاری ذخائر 13 ارب ڈالر تک پہنچ جائیں گے۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کی مارگیج لانچنگ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ یورو بانڈز اس وقت لانچ کرینگے جب کریڈٹ ریٹنگ بی کیٹیگری ہو جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ آئندہ چند ماہ میں پاکستان کی بی کیٹیگری ریٹنگ متوقع ہے، ہماری فچ، موڈیز اور ایس اینڈ پی کے ساتھ مثبت گفتگو رہی ہے، فچ موڈیز اور ایس اینڈ پی کے مسلسل رابطے میں ہیں، اگلے مالی سال میں یورو بانڈز متعارف کروائیں گے۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ 1 ارب ڈالر کی کلائمٹ فنانسنگ کے حصول کیلئے منصوبے بہتر انداز میں پیش کرنا ہونگے، کلائمٹ فنانسنگ کی بات چیت عالمی بینک، اے ڈی بی سے بھی جاری ہے، کلائمٹ فنانسنگ پر ایشین انفرااسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کے نائب صدر سے بھی بات ہوئی۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ جون 2025 میں زرمبادلہ کے سرکاری ذخائر 13 ارب ڈالر تک پہنچ جائیں گے، جب ذخائر 13 ارب ڈالر ہونگے تو 3 ماہ کی درآمدات کو تحفظ حاصل ہو جائے گا، سرمایہ کار، تاجروں کو راغب کرنے کیلئے شرح سود میں کمی کی جاچکی۔
انہوں نے کہا کہ کراچی انٹر بینک مارکیٹ ریٹ فی الوقت 13 فیصد پر ہے جو مزید نیچے آئے گا، حکومت کو ٹیکسیشن میں بہتری اور توانائی کی لاگت میں بھی کمی کرنی ہے، وزارت توانائی پاور ٹیرف میں کمی کیلئے متحرک ہے، جاری ڈیجیٹلائزیشن سے ایف بی آر میں کرپشن کے دروازے بند ہوں گے۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ دوست ممالک پاکستان میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کیلئے تیار ہیں، عالمی مالیاتی اداروں کا پاکستان پر اعتماد بڑھا ہے۔




















