اسلام آباد: حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑا اضافہ کر دیا ہے۔
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 8 روپے 36 پیسے اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد نئی قیمت 266 روپے 79 پیسے مقرر کی گئی ہے۔
.jpg)
اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 10 روپے 39 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے اور اب اس کی نئی قیمت 272 روپے 98 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق رات 12 بجے سے ہوگیا اور یہ آئندہ 15 روز کے لیے مؤثر رہیں گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اوگرا کی جانب سے تیار کردہ قیمتوں کی سمری وزارتِ پیٹرولیم کو ارسال کی گئی، جس کے بعد وزیر خزانہ نے وزیراعظم سے مشاورت کے بعد قیمتوں میں اضافے کی منظوری دی اور باضابطہ اعلان کیا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ اور روپے کی قدر میں گراوٹ اس اضافے کی بڑی وجوہات ہیں، جن کے باعث پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانا ناگزیر ہو گیا۔




















