خیبرپختونخوا کے ضلع خیبر میں سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مشترکہ آپریشن کرتے ہوئے بھارتی پراکسی فتنۃ الخوارج کے 22 دہشت گرد ہلاک کردیے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ضلع خیبر میں بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔
شدید فائرنگ کے تبادلے میں فتنہ الخوارج کے 22 دہشت گرد انجام کو پہنچا دیے گئے جبکہ آپریشن کے دوران خوارج کی اندھا دھند فائرنگ سے 10 سالہ معصوم بچہ بھی شہید ہوا۔
ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ مارے گئے دہشت گردوں سے اسلحہ اور بھاری مقدار میں گولہ بارود بھی برآمد ہوا جبکہ بھارتی سرپرستی یافتہ خوارج متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ’عزمِ استحکام‘ کے تحت انسداد دہشت گردی مہم پوری شدت سے جاری رہے گی، علاقے میں کلئیرنس اور سینیٹائزیشن آپریشن بھی جاری ہے تاکہ کسی بھی بھارتی سرپرستی یافتہ دہشت گرد کو فرار ہونے یا دوبارہ منظم ہونے کا موقع نہ مل سکے۔
سیکیورٹی فورسز نے اپنے دوٹوک مؤقف میں کہا کہ غیر ملکی سرپرستی یافتہ دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا، معصوم شہریوں کی قربانیاں دہشت گردی کے خلاف قومی عزم مزید مضبوط کرتی ہیں۔



















